صدر کانگریس کی پارٹی کی حکمرانی والی ریاستوں کے چیف منسٹروں کیساتھ ورچول میٹنگ
نئی دہلی۔ ملک میں کورونا وائرس کی وبا کے معاملوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ کے درمیان صدر کانگریس سونیا گاندھی نے ہفتہ کے روز مرکز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت وبا کی صورت حال سے نمٹنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکوں کی برآمدات کے سبب ملک میں اس کا بحران پیدا کیا گیا۔ سونیا گاندھی نے کانگریس کی زیر قیادت ریاستوں میں شفافیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام ریاستوں میں نئے کیسوں کی تعداد اور اموات کے صحیح اعداد و شمار پیش کیے جائیں۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے ٹیکہ اندازی پر خصوصی توجہ دینے کی اپیل کی ہے۔ سونیا گاندھی نے کانگریس کی حکمرانی والی ریاستوں، وزرائے اعلیٰ اور اتحادی جماعتوں کے قائدین کے ساتھ ورچول میٹنگ منعقد کی ہے۔ اجلاس کے دوران انہوں نے کورونا وائرس کو قابو میں کرنے کی کاوشوں، ٹیکوں اور وینٹی لیٹروں کی دستیابی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر پارٹی کے سابق صدر راہول گاندھی بھی موجود رہے۔ انہوں نے کہا، ’’ہمیں سب سے پہلے ہندوستان میں ٹیکہ اندازی مہم پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے اور اس کے بعد ٹیکے برآمد کرنے اور انہیں دوسرے ممالک کو بطور تحفہ پیش کرنے پر غور کرنا چاہیے۔ ہمیں اس بات پر زور دینا ہوگا کہ ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جائے اور کووڈ۔ 19 کے تمام اصول و ضوابط کی تعمیل کی جائے۔‘‘ یہ بات قابل ذکر ہے کہ آج ہی مرکزی وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں ریکارڈ 1,45,384 نئے کورونا کیس درج ہوئے ہیں جبکہ 794 اموات بھی پیش آئی ہیں۔ گزشتہ کئی ہفتوں سے ملک میں کورونا انفکشن بڑھتا ہی جارہا ہے حالانکہ مرکزی حکومت اور کئی بی جے پی زیر قیادت ریاستیں کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے ٹھوس اقدامات کا دعویٰ کرتے رہے ہیں۔ ورچول میٹنگ کے بعد کانگریس کے ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ چیف منسٹر پنجاب امریندر سنگھ نے ریاست میں ویکسین کی قلت ہونے کی نشاندہی کی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ مرکزی حکومت نے ویکسین کی معقول سپلائی کے تعلق سے کوئی تیقن نہیں دیا ہے۔ اسی طرح کی صورتحال کئی دیگر ریاستوں میں بھی ہے۔