مودی حکومت کو ہندوستان کی سیکولر بنیاد کو برقرار رکھنا چاہئے: یچوری

   

نئی دہلی: کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا۔مارکسسٹ (سی پی آئی۔ایم) کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے پیر کو حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ایک برادری کے خلاف قابل اعتراض ریمارکس پر سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ مرکز کی نریندر مودی حکومت کو ہندوستان کی سیکولر جمہوری بنیاد کو برقرار رکھنا چاہئے۔سی پی آئی (ایم) کے سینئر لیڈر کا یہ بیان بی جے پی کے نپور شرما اور نوین جندال کو ان کے قابل اعتراض ریمارکس کے لیے پارٹی سے معطل کیے جانے کے ایک دن بعد آیا ہے۔ یچوری نے ٹویٹر پر لکھا کہ پارٹی کی سرکاری ذمہ داریاں نبھانے والے بی جے پی لیڈر اتنے غیرمہذب نہیں ہو سکتے۔ مرکز کی مودی حکومت ہندوستانی آئین کے تحت کام کررہی ہے اور اسے مذہبی سخت گیری کو ختم کرکے ہندوستان کی سیکولر جمہوری بنیاد کو برقرار رکھنا چاہئے۔بی جے پی کے دہلی ریاستی صدر آدیش گپتا نے اتوار کو جندال کو برطرف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیالات پارٹی کے بنیادی نظریہ سے مختلف ہیں۔ بی جے پی نے نپور شرما کو بھی پیغمبر اسلامؐ کے بارے میں ان کے متنازعہ ریمارکس پر معطل کر دیا ہے۔بی جے پی کی قومی ترجمان نپور شرما کی جانب سے ایک ٹی وی مباحثہ میں گستاخانہ بیان دینے پر نہ صرف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج کیا جارہا ہے بلکہ بیرونی ممالک بالخصوص خلیجی ممالک میں اس کی سخت مذمت کی گئی۔ شدید مخالفت کے دباؤ میں بی جے پی نے نپور شرما کو پارٹی سے معطل کردیا ہے۔