کولکاتا ، 19 جنو ری (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال کی چیف منسٹر اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتابنرجی نے آج انتہائی جارحانہ تیور کے ساتھ مرکز کے خلاف اعلان جنگ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ مودی حکومت کی ’’ایکسپائری ڈیٹ‘ (اختتام کی مدت) اب پوری ہورہی ہے اور آئندہ عام انتخابات میں متحدہ اپوزیشن کامیاب ہوگی ۔ ممتابنرجی نے یہاں بریگیڈ پریڈ گراؤنڈ پر اپنی طرف سے منعقدہ عظیم الشان اپوزیشن ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وعدہ کیا کہ اس ضمن میں وہ دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ کام کریں گی۔ ممتابنرجی نے واضح طور پر کہا: ’’وزیراعظم کون ہوگا … یہ فیصلہ انتخابات کے بعد کیا جائے گا ‘‘۔ ممتا بنرجی نے بڑی ریلی سے پُرجوش خطاب میں کہا: ’’مرکز میں بی جے پی حکومت اب چند دن کی مہمان ہے۔ مودی حکومت کی ایکسپائری ڈیٹ (اختتام کی مدت) پوری ہورہی ہے ۔ ترنمول کانگریس کی سربراہ نے بی جے پی کی سخت مذمت میں کہا کہ سیاست میں شرافت و شائستگی ہوتی ہے لیکن بی جے پی والے اس کا پاس و لحاظ نہیں رکھتے ۔ بی جے پی کے ساتھ جو نہیں ہیں انہیں چور کہا جاتا ہے۔ انہوں نے اپنی تقریر میں جو 25 منٹ تک جاری رہی، یہ دعویٰ بھی کیا کہ بی جے پی خود اپنے ہی کئی سینئر قائدین کا احترام نہیں کرتی ۔ راجناتھ سنگھ ، سشما سوراج اور نتن گڈکری جیسے افراد کو زعفرانی جماعت میں نظر انداز کردیا گیا ہے ۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ مودی اور اُن کے ساتھی اب اجتماعی قیادت کی باتیں کرنے لگے ہیں لیکن بی جے پی اگر آئندہ لوک سبھا انتخابات جیت جاتی ہے تو یہ قائدین پھر ایک مرتبہ نظر انداز کردیئے جائیں گے۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ ملک کی موجودہ صو رتحال ’سوپر ایمرجنسی ‘ جیسی ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اندرا گاندھی کی طرف سے معلنہ ایمرجنسی سے بھی بدتر ہے ۔
ممتا بنرجی نے مرکزی بی جے پی حکومت کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے ’بدل دو، بدل دو، دہلی میں سرکار بدل دو ‘ کا نعرہ بلند کیا اور الزام عائد کیا کہ بی جے پی اپنی انتشار پسند پالیسیوں کے ذریعہ قوم میں پھوٹ، تقسیم انتشار و افتراق پیدا کررہی ہے۔ ترنمول کانگریس کی شعلہ بیان سربراہ نے کہا کہ پاکستان جو کام 70 برس کے دوران نہیں کرسکا وہ (بی جے پی) یہ کام صرف چار سال میں کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نریندر مودی حکومت میں بینکس ، سی بی آئی ، آر بی آئی ، معیشت اور جمہور یت گویا ہر شعبہ کو ناقابل تلافی نقصان پہونچا ہے ۔ این پی اے، رافیل، انشورنس سب سے بڑے اسکامس ہیں ۔ اس (مودی) حکومت کے دوران کئی اسکامس ہوئے ہیں اور وہ (بی جے پی) اب بھی اقتدار پر رہنا چاہتے ہیں۔ ممتا بنرجی نے ایک بنگالی محاورہ دہراتے ہوئے کہا، ’’چوروں کی ماں کی آواز سب سے بڑی ہوتی ہے‘ ‘۔ مودی حکومت ان تمام قائدین کو نشانہ بنارہی ہے جو بی جے پی کے خلاف بولتے ہیں۔ بی جے پی نے حتیٰ کہ سونیا گاندھی، اکھلیش یادو، مایاوتی اور خود انہیں (ممتابنرجی کو) نہیں بخشا۔