مودی حکومت کی پالیسیوں کے نتیجہ میں معیشت تباہی کے دہانے پر

   

عوام پر بوجھ میں اضافہ، پردیش کانگریس کمیٹی عاملہ کا اجلاس، ماہرین اقتصادیات گورو ولبھ اور سرینواس راؤ کا خطاب

حیدرآباد۔29 ۔ اکٹوبر(سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کی عاملہ کے اجلاس میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے ترجمان اور ماہر اقتصادیات پروفیسر گورو ولبھ اور ماہر معاشیات سرینواس راؤ نے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ ملک کی معاشی صورتحال کا خلاصہ پیش کیا ۔ اے آئی سی سی نے بطور خاص ان دونوں ماہرین کو حیدرآباد روانہ کیا تاکہ عاملہ کے اجلاس میں ملک کی بگڑتی اقتصادی صورتحال سے قائدین کو واقف کرائیں۔ پارٹی چاہتی ہے کہ عاملہ کے قائدین باشعور رہیں تاکہ اضلاع اور دیہی سطح کے قائدین کو مرکز کی ناکام معاشی پالیسی سے واقف کراسکیں۔ پارٹی نے قومی سطح پر اس سلسلہ میں مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قومی سطح پر احتجاجی لائحہ عمل کو جلد قطعیت دی جائے گی۔ گورو ولبھ اور سرینواس راؤ نے کہا کہ مرکز کی جانب سے نوٹ بندی اور جی ایس ٹی جیسے فیصلوں کے نتیجہ میں ملک کی معیشت تباہی کے راستہ پر گامزن ہوچکی ہے۔ معیشت کا موجودہ زوال مودی حکومت کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کے سبب اندرون ملک پیداوار میں بڑی حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔ کئی اہم صنعتیں بند ہوچکی ہیں جس سے لاکھوں افراد بیروزگار ہوچکے ہیں۔ مرکزی حکومت لاکھ دعوے کرلیں لیکن معاشی ابتر صورتحال کے سدھار میں کئی برس لگ جائیں گے، بشرطیکہ مودی حکومت ا پنی پالیسی تبدیل کرے۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹیل ، فارماسیوٹیکل ، فوڈ پروسیسنگ ، ای کامرس اور دیگر شعبہ جات پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی تباہی سے نریندر مودی حکومت کو کوئی سروکار نہیں ہے۔ مودی معیشت کے ماہر نہیں ہیں اور نہ وہ کسی ماہر کی تجاویز سننے کیلئے تیار ہیں۔ گورو ولبھ اور سرینواس راؤ نے قائدین کے مختلف سوالات کے جوابات بھی دیئے ۔ انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ کردیا ہے ۔ غریب اور متوسط طبقات کی روز مرہ کی معمولات متاثر ہوئی ہیں۔ مودی حکومت میں کسانوں کی خودکشی کے واقعات میں اضافہ ہوا۔ تاحال 2022 ء تک مودی نے کسانوں کے لئے رعایتوں کا اعلان کیا تھا لیکن ابھی تک عمل آوری کا آغاز نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف چین کی اشیاء کے کم استعمال کی وکالت کی جارہی ہے تو دوسری طرف دیپاولی اور دیگر مواقع پر بی جے پی قائدین نے چینی پٹاخوں اور دیگر اشیاء کا استعمال کیا۔ گورو ولبھ نے کہا کہ انتخابات میں شکست اور کامیابی کو اپنی کارکردگی پر اثرانداز نہ ہونے دیں بلکہ عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کیلئے جدوجہد جاری رکھیں۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کہا کہ موجودہ مرکزی حکومت نے عوام کو معاشی بحران میں مبتلا کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 15 نومبر کو گاندھی بھون سے حیدرآباد کلکٹریٹ تک پد یاترا منظم کرتے ہوئے مرکز کی معاشی پالیسیوں پر احتجاج درج کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کی جانب سے کل کی عام ہڑتال میں کانگریس پارٹی شرکت کرے گی۔