نئی دہلی : کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے طلبہ کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کے ’’پریکشا پہ چرچا‘‘ پروگرام پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ آسمان چھوتی مہنگائی اور ایندھن کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچنے کے درمیان گاڑی میں تیل (ایندھن) بھرنا بھی کسی امتحان سے کم نہیں ہے ۔ اس لئے وزیراعظم مودی کو لوگوں کی جیب ڈھیلی ہونے کے پیش نظر ’’خرچہ پہ چرچا‘‘کرنا چاہئے۔ راہول نے ٹویٹ کیا کہ مرکزی حکومت کی ٹیکس وصولی کی وجہ سے عوام کے لئے گاڑی میں تیل بھرنا بھی کسی امتحان سے کم نہیں ہے ، پھر وزیر اعظم اس پر گفتگو کیوں نہیں کرتے ہیں؟ خرچہ پر بھی ہو چرچا۔ کانگریس میڈیا سیل کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے بھی کمر توڑ مہنگائی پر حکومت کو نشانہ بنا تے ہوئے کہا کہ73 سال میں سب سے مہنگی اور ظالم حکومت ، ہر روز کسانوں پر کرتی ہے نئے وار ۔ جو کبھی نہیں ہوا ، وہ ظلم کردکھایا ہے۔ مودی حکومت نے ڈی اے پی کھاد کی قیمت میں 700 روپئے کا اضافہ کیا ، جس سے 1200 روپئے کا 50 کلو ڈی اے پی 1900 روپئے پر پہنچ گیا۔ ’’مودی جی! پہلے ہی ایک ہیکٹر رقبہ پر کاشت کی لاگت 15,000 روپئے تک پہنچ چکی ہے ۔ سب کچھ یاد رکھا جائے گا۔‘‘