نئی دہلی 9 جون (یو این آئی ) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر جے پی نڈا نے پیر کو کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے 11 سالہ دور میں بے مثال کام ہواہے اور انہوں نے ملک میں سیاسی کلچر کو بدل دیا ہے ۔ نڈا نے مودی حکومت کے 11 سال مکمل ہونے کے موقع پر یہاں بی جے پی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ان سالوں میں ناقابل تصور اور انوکھا کام ہواہے ۔ مسٹر مودی کی قیادت والی حکومت نے 11 برسوں میں سیاسی کلچر کو بدل دیا ہے اور گورننس کی ایک نئی جہت (نیا معمول) قائم کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت فیصلے کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور معاشی نظم و ضبط پیدا کر رہی ہے ۔ بی جے پی صدر نے کہا کہ پچھلی حکومت خوشامد پر چلنے والی اور مایوس کن حکومت تھی، وہیں مودی حکومت نے منفی سوچ کو ختم کرکے مثبت ماحول پیدا کیا اور شفافیت کی نئی مثال قائم کی۔