مودی نے نوٹ بندی سے بینک بندی تک معیشت کو تباہ کیا

   

چیف منسٹر ممتا بنرجی کا ہلدیہ میں انتخابی ریالی سے خطاب
ہلدیہ: مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی نے ہفتے کو کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کے نوٹ بندی سے بینک بندی اور دوسری مالی بد انتظامی کی وجہ سے ملک کی معیشت تباہ و برباد ہوگئی ہے ۔ ممتا نے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی پر فسادات ،لوگوں کے قتل اور ملک میں دلتوں کی لڑکیوں کا استحصال کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی ( 500 اور 1000 روپے کے پرانے نوٹ بند کرنے ) سے بینک بندی تک مودی نے ملک کی معیشت کو برباد کردیا ہے ۔ انہوں نے لوگوں سے’ بیرونی‘ بی جے پی کو ووٹ نہ دینے کی اپیل کی۔انہوں نے بھگوا بریگیڈ پر زوردار حملہ کیا اور بی جے پی کو دنیا کی سب سے بڑی ’زبردستی وصولی ‘ کرنے والی پارٹی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پارٹی کو بنگال میں کبھی حکومت کرنے کا موقع نہیں دیا جائے گا۔ ممتا نے مودی پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 2017 میں نوٹ بندی کرکے ملک کی معیشت کو تباہ کردیا۔انہوں نے کہا وزیراعظم نریندر مودی نے نوٹ بندی سے بینک بندی تک ملک کی معیشت کو چوپٹ کردیا ہے ۔ مرکز کی بی جے پی حکومت جلد ہی ہلدیہ بندرگاہ کو بیچ دے گی۔ مودی کے ترنمول کو تولہ باز کی حکومت کہے جانے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا ان کی (بی جے پی) دنیا کی سب سے بڑی تولہ باز(زبردستی وصولی کرنے والی) پارٹی ہے ۔انہوں نے کہاپی ایم کیئرس فنڈ کے تحت جمع کی گئی رقم کو ہی دیکھئے ۔اگر بنگال کے لوگ امن چاہتے ہیں اور فساد سے پاک ریاست چاہتے ہیں تو ان کے سامنے ترنمول کانگریس ہی ایک واحد متبادل ہے ۔