بنگلورو سے ٹرین میسور کے راستے چینائی تک چلائی جائے گی، وزیراعظم نے انفراسٹرکچر پراجکٹوں کا افتتاح بھی کیا
بنگلورو: وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کی ساتویں اور دوسری نسل کی پانچویں وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کو جنوبی ہند کے لوگوں کیلئے وقف کیا۔ مودی نے بنگلورو میں کیمپے گوڑا بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ٹرمینل 2 کا افتتاح بھی کیا۔کرناٹک کے میسور سے تاملناڈو کے چینائی تک چلنے والی اس ٹرین کو مودی نے کے ایس آر بنگلورو (سابقہ بنگلور سٹی) اسٹیشن سے ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ اس طرح جنوبی ہند میں پہلی وندے بھارت ایکسپریس شروع ہوگئی ۔ اسے بنگلورو میں ہی تیار کیا گیا ہے۔ ریلوے اسٹیشن پر وزیر اعظم کے ساتھ افتتاحی تقریب میں کرناٹک کے گورنر تھاور چند گہلوت، وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی، وزیر ریلوے اشونی ویشنو اور کوئلہ اور پارلیمانی امور کے وزیر پرہلادجوشی بھی موجود تھے ۔20608 اپ 20607 ڈاؤن وندے بھارت ایکسپریس چہارشنبہ کے علاوہ ہفتے میں چھ دن چلے گی۔ اس کی باقاعدہ سروس ہفتہ 12 نومبر سے شروع ہوگی۔ یہ ٹرین 498 کلومیٹر کا فاصلہ تقریباً ساڑھے چھ گھنٹے میں طے کرے گی۔ 20607 ڈاؤن ٹرین ایم جی آر چینائی سنٹرل اسٹیشن سے صبح 5:50 بجے روانہ ہوگی۔ یہ صبح 7.21بجے کاٹپاڈی، 10.20 بجے بنگلور اور 12.20 بجے میسور پہنچے گی۔ واپسی کی سمت میں 20608اپ ٹرین میسور سے دوپہر 1:05 بجے روانہ ہوگی۔ یہ ٹرین کے ایس آر بنگلورو اسٹیشن دوپہر 2.55 بجے ، کاٹپاڈی اسٹیشن 5:36 بجے اور ایم جی آر چینائی شام 7.30 بجے پہنچے گی۔انڈین ریلوے کی نئی نسل کی وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کے نئے ریک کا تجربہ 180 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے کیا جاچکا ہے ۔ وزیر اعظم مودی نے جمعہ کو ہی کرناٹک میں 2023 کے اسمبلی انتخابات سے قبل ثقافتی اور سیاسی مضمرات کے حامل انفراسٹرکچر پروجیکٹوں کا افتتاح کیا۔ مودی ہوائی اڈے سے سنت کنک داس کے یوم پیدائش پر ان کے مجسمے پر گلہائے عقیدت نذر کرنے کے لیے ودھان سودھا گئے ۔