مودی نے پینٹ پہننا نہیں سیکھا تھا جب نہرو اور اندرا نے فوج بنائی

   

چیف منسٹر مدھیہ پردیش کمل ناتھ کی وزیر اعظم پر سخت تنقید۔ وعدوں کی عدم تکمیل کا الزام
کھنڈوا 14 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) قوم پرستانہ انتخابی موضوع پر وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے چیف منسٹر مدھیہ پردیش کمل ناتھ نے آج کہا کہ جس وقت نریندر مودی نے اپنا پیجامہ یا پینٹ پہننا بھی نہیںسیکھا تھا اس وقت جواہر لال نہرو اور اندرا گاندھی نے ملک کی دفاعی افواج کو بنایا ہے ۔ سینئر کانگریس لیڈر نے مودی کو اس وقت نشانہ بنایا ہے جبکہ چنددن قبل مودی نے انہیں کمل ناتھ کی بجائے ’ بھرشٹ ناتھ ‘ قرار دیا تھا ۔ کھنڈوا ضلع میں ہرسود کے مقام پر ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کمل ناتھ نے کہا کہ ملک میں سب سے زیادہ دہشت گرد حملے اس وقت ہوئے ہیں جب بی جے پی اقتدار میں تھی ۔ مودی آج ملک کی سلامتی کی بات کرتے ہیں کیا پانچ سال قبل ملک محفوظ نہیں تھا ؟ ۔ انہوں نے مودی سے راست مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ مودی جس وقت آپ نے اپنا پیجامہ یا پینٹ بھی پہننا نہیں سیکھا تھا اس وقت جواہر لال نہرو اور اندرا گاندھی نے فوج تشکیل دی تھی ۔ ائر فورس اور بحریہ کا قیام عمل میں آیا تھا اور آپ کہتے ہیں کہ ملک اب محفوظ ہے ۔ کمل ناتھ نے سوال کیا کہ کس کی حکومت میں ملک پر سب سے زیادہ دہشت گرد حملے ہوئے ہیں ؟ ۔ انہوں نے کہا کہ جب دہلی میں پارلیمنٹ پر حملہ ہوا تھا کس کی حکومت تھی ؟ ۔ مودی کو نشانہ بناانے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی نوجوانوں کو سالانہ دو کروڑ روزگار فراہم کرنے کا وعدہ پورا کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ مودی نے وعدہ کیا تھا کہ اچھے دن آئیں گے ۔ سوال یہ ہے کہ آخر کس کے اچھے دن آئے ہیں ؟ ۔ مودی نے کالا دھن واپس لانے کا وعدہ کیا تھا کیا یہ کالا دھن واپس آیا ہے ؟ ۔