نئی دہلی :ہندوستانی خفیہ ایجنسی ریسرچ اینڈ اینالیسس وِنگ (راء ) کے سابق چیف امرجیت سنگھ دولت نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان کو بحران سے نکالنے کیلئے ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی 2023 کے آخر میں قدم اٹھا سکتے ہیں۔ دولت نے ہفتہ کے روز کہا کہ گزشتہ کچھ مہینوں سے سیاسی و معاشی بحران سے پریشان پڑوسی ملک کی مدد کیلئے ہندوستان ہاتھ بڑھا سکتا ہے۔ دولت نے ہندوستان کے نئے ساتھی امریکہ کے ’بہت دور ہونے، اور ہمارے پڑوسیوں کے کہیں نزدیک ہونے‘ کا ذکر کرتے ہوئے یہ انتباہ بھی دیا کہ ایران۔روس۔چین کا ایک طاقتور گٹھ جوڑ تیار ہو رہا ہے جس پر نظر رکھنی چاہیے۔راء کے سابق چیف دولت نے ایک نیوز ایجنسی سے انٹرویو کے دوران یہ بیان دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان سے بات چیت کیلئے ’ہر وقت‘ بہتر ہے۔ ہمیں اپنے پڑوسیوں سے رابطہ بنائے رکھنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا ہیکہ ’’مجھے لگتا ہے کہ اس سال مودی جی پاکستان کی مدد کریں گے۔ کوئی اندرونی خبر نہیں ہے، لیکن مجھے ایسا لگتا ہے۔ دولت کا کہنا ہے کہ ’’ یہ ضروری ہے کہ مزید عوامی رابطہ کے ساتھ بات چیت کھلی رکھی جائے۔‘‘