مودی پر دستاویزی فلم ،بی بی سی کو عدالتی نوٹس

   

نئی دہلی : دہلی ہائی کورٹ نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دستاویزی فلم سے متعلق مقدمے پر جواب طلب کیا ہے۔ ملک میں بی بی سی کے دفاتر پر چھاپوں کے بعد عدالت کی جانب سے بھی سمن جاری کیا گیا ہے۔ دہلی کی ہائی کورٹ نے وزیر اعظم نریندر مودی پردستاویزی فلم میں ان کی مبینہ ہتک عزت کیلئے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو سمن جاری کیا ہے۔ بی بی سی کی دستاویزی فلم رواں برس کے اوائل میں پہلی بار نشر کی گئی تھی۔ چند ماہ قبل ملک کے محکمہ ٹیکس کے حکام نے ادارے کے دہلی اور ممبئی کے دفاتر پر چھاپے کی کارروائی کی تھی، جس کی وجہ سے اس کا کام کاج بری طرح متاثر ہوا تھا۔ حکومت نے بی بی سی کی دستاویزی فلم پر پابندی بھی عائد کر دی تھی۔اس فلم میں 2002 کے گجرات فسادات کے دوران مودی کی قیادت پر سوال اٹھائے گئے ہیں، جس میں کم از کم 1,000 لوگ مارے گئے تھے اور ہلاک ہونے والوں کی اکثریت مسلمانوں کی تھی۔