نئی دہلی۔3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سربراہ مایاوتی نے وزیر اعظم نریندر مودی کے سوشل میڈیا چھوڑنے کے اعلان کو محض سیاسی مفاد پرستی قرار دیا۔محترمہ مایاوتی نے منگل کے روز ایک ٹویٹ میں کہا کہ مسٹر مودی کے سوشل میڈیا چھوڑنے کے اعلان سے عوام کو شبہ لاحق ہے ۔ انہوں نے کہا،‘ پی ایم مودی کی جانب سے سوشل میڈیا سے مکمل طور پر علاحدگی اختیار کرنے کا اعلان گذشتہ روز سے کافی سرخیوں میں ہے لیکن عوام کو خدشات لاحق ہیں اور انھیں ان کا یہ اعلان درحقیقت ان کی پارٹی اور حکومت کی کمیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش معلوم پڑتا ہے جو سیاسی مفاد پرستی میں غرقاب ہے ’۔قابل ذکر ہے کہ مسٹر مودی نے گذشتہ شام کو اعلان کیا تھا کہ وہ اگلے اتوار تک سوشل میڈیا کے تمام پلیٹ فارم کو خیرآباد کہہ سکتے ہیں۔
