مودی کا ہٹلر کی چالوں پر عمل، اقتدار سے چمٹے رہنا مقصد

   

Ferty9 Clinic

بی جے پی کی ایماء پر دہلی پولیس نے ریلی کی اجازت نہیں دی، کجریوال کا دعویٰ
نئی دہلی ، 23 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے آج وزیراعظم نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ اقتدار سے چمٹے رہنے کیلئے جرمن آمر اڈالف ہٹلر کی چالوں پر عمل پیرا ہیں۔ کجریوال نے مودی پر یہ سخت تنقید ایک ویڈیو کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے کی جس میں مبینہ طور پر بتایا گیا کہ گروگرام میں ایک مسلم فیملی کے ارکان کو چند افراد نے مل کر جمعرات کو لاٹھیوں اور سلاخوں سے پیٹا۔ پولیس نے کہا تھا کہ گروگرام کے ایک مکان پر کسی ہجوم نے سنگباری کی اور فیملی ممبرس کو پیٹا۔ یہ واقعہ ہولی کے موقع پر کرکٹ میچ میں جھگڑے کے بعد پیش آیا۔ بعدازاں چھ افراد کو اقدام قتل کے الزام پر گرفتار کیا گیا۔ چیف منسٹر کجریوال نے آج یہ دعویٰ بھی کیا کہ انھیں بی جے پی کی ایماء پر دہلی پولیس نے ایک ریلی کے انعقاد کی اجازت دینے سے انکار کیا ہے۔ وہ سنت نگر چوک میں ریلی منعقد کرنا چاہتے تھے۔ تاہم، پولیس نے کہا کہ جلسہ عام کیلئے اجازت نہیں دی جاسکتی کیونکہ اس مقام پر بھاری ٹریفک رہتی ہے اور ہفتہ وار بازار کے سبب ہفتے کے اواخر عوام کی بڑی تعداد جمع ہوتی ہے۔ دریں اثناء سلسلہ وار ٹوئٹس میں کجریوال نے وزیراعظم مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ہٹلر کے غنڈے بے قصور لوگوں کو پیٹا اور ہلاک کیا کرتے تھے۔ بعد میں خود متاثرین کے خلاف پولیس کیس درج کئے جاتے۔ مودی جی بھی وہی کچھ کررہے ہیں۔ وہ ہٹلر کی حکمت عملی اپنا رہے ہیں تاکہ اقتدار پر قابض ہوسکیں اور اُن کے حامی یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ ہندوستان کس سمت میں جارہا ہے۔ چیف منسٹر دہلی نے اس واقعہ کا ویڈیو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ویڈیو دیکھئے۔ کس مقدس کتاب میں لکھا ہے کہ مسلمانوں کو مارنا پیٹنا چاہئے۔ کیا ایسا گیتا میں تحریر ہے؟ یا رامائن میں ہے؟ یا ہنومان چالیسا میں؟ یہ لوگ ہندو نہیں بلکہ ان کے بھیس میں غنڈے ہیں۔