مودی کی تعریف، تھرور پر چنتلہ کا طنز

   

کوچی، 26 اگست (سیاست ڈاٹ کام)وزیراعظم نریندر مودی کی تعریف کرنے کے سلسلے میں کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور کی ان کی پارٹی کے ایک سینئر لیڈر نے ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے لوگوں کی حمایت نہیں کی جائے گی جو وزیراعظم کی تعریف کرتے ہیں۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور کیرلہ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر رمیش چنتلہ نے پیر کو یہاں نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ چنتلہ نے ترووانتھاپورم حلقہ سے رکن اسمبلی ششی تھرور کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی تعریف کرنے والے شخص کی پارٹی حمایت نہیں کرے گی اور مسٹر مودی نے پہلے جو ’عوام مخالف‘ کام کئے ہیں، اسے نظرانداز نہیں کیاجاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ‘‘ایک اچھے کام کے سلسلے میں ہزاروں غلط کام کرنے والے وزیراعظم کی تعریف نہیں کی جاسکتی ۔ یہاں کی عوام مسٹر مودی کے دور اقتدار اور کام کی حمایت نہیں کرتے ہیں۔’’کانگریس لیڈر ابھیشیک منو سنگھوی اور مسٹر تھرور نے پارٹی لیڈر جے رام رمیش کی حمایت کرتے ہوئے جمعہ کو کہا تھا کہ وزیراعظم کو ہدف تنقید بنانا ’غلط‘ ہے اور اچھے کاموں کے لئے ان کی تعریف ہونی چاہئے ۔