مرکزکا تلنگانہ سے سوتیلا سلوک ، کانگریس کے ایم پی سی کرن کمار ریڈی کا الزام
حیدرآباد 16 اگست (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ سی کرن کمار ریڈی نے یوم آزادی کے موقع پر وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے لال قلعہ سے خطاب میں آر ایس ایس کی تعریف پر اعتراض کیا اور ترقیاتی پراجکٹس میں تلنگانہ سے سوتیلا سلوک کرنے کا الزام عائد کیا۔ کانگریس ایم پی نے کہا کہ بی جے پی آفس کی تقریر کو وزیراعظم نے لال قلعہ سے کیا ہے۔ انہوں نے مودی سے استفسار کیا کہ ملک کی ترقی میں آر ایس ایس کا کیا رول ہے وہ عوام کے سامنے پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس نے تحریک آزادی میں کوئی رول ادا نہیں کیا اور نہ ہی دستور کو قبول کیا ۔ ایسی تنظیم کیلئے بی جے پی آفس میں تعریف کی جاتی تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہوتا ۔ کرن کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ عوام نے بی جے پی کے 8 ارکان پارلیمنٹ کو کامیاب بنایا ہے۔ باوجود اس کے مرکز بالخصوص وزیراعظم مودی تلنگانہ کی ترقی کو نظرانداز کررہے ہیں تعجب ہے تلنگانہ کے دو مرکزی وزراء اور 6 ارکان پارلیمنٹ تماشہ دیکھ رہے ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور وزراء دہلی میں وزیراعظم کے بشمول مختلف مرکزی وزراء سے ملاقاتیں کرکے ریاست کی ضروریات کے لحاظ سے پراجکٹس اور اسکیمس کیلئے نمائندگی کی ہے۔ حیدرآباد میٹرو ریل، آر آر آر مرکزی تعلیمی ادارے دینے کا مطالبہ کیا گیا۔ سیمی کنڈکٹر پراجکٹس بھی منظور نہیں کئے۔ سارے پراجکٹس گجرات، آندھرا پردیش، بہار و دیگر بی جے پی زیراقتدار ریاستوں کو فراہم کئے جارہے ہیں۔2