نئی دہلی۔ 4 جولائی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے پیرو کے صدارتی انتخاب میں جیت کیلئے ہفتہ کو کیکو فوجیموری کو مبارکباد دی اور اس جنوبی امریکی ملک کے ساتھ کئی شعبوں میں اپنی شراکت داری کو اور مضبوط کرنے کیلئے ہندوستان کی عہد بستگی کااعادہ کیا۔ انتخابی اتھارٹی نے جمعہ کو دوسرے راؤنڈ میں ان کے باضابطہ طور پر کامیاب ہونے کی تصدیق کی تھی۔ وہ اس ماہ کے آخر میں عہدہ سنبھالیں گی۔ کیکو سابق صدر البرٹو فوجیموری کی بیٹی ہیں۔ مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ پیرو کے صدارتی انتخاب میں آپ کی جیت پر، کیکو فوجیموری، آپ کو دلی مبارکباد۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان پیرو کے ساتھ اپنی گہری دوستی کو بہت اہمیت دیتا ہے اور مختلف شعبوں میں ہماری دو طرفہ شراکت داری کو اور مضبوط کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔ میں آپ کی کامیاب مدت کار کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں اور لوگوں کے فائدے کے لیے ہمارے تعلقات کو اور گہرا کرنے کیلئے آپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں۔
مودی کا سوامی وویکانند کو خراج عقیدت
نئی دہلی۔ 4 جولائی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز سوامی وویکانند کے نروان دیوس پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور اس شہرہ آفاق سنیاسی کو ایک عظیم شخصیت قرار دیا جن کی ہندوستانی ثقافت، روحانیت اور قومی شعور میں تعاون نے عالمی شناخت حاصل کی اور وہ نسلوں کو متاثر کرتی رہے گی۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ سوامی وویکانند کے نروان دیوس پر میں انہیں دل کی گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ ہندوستانی ثقافت، روحانیت اور قومی شعور کو عالمی شناخت دینے میں ان کا تعاون بے مثال ہے ۔ وویکانند کے پائیدار اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ ان کی فکری صلاحیت اور باعث تحریک خیالات ملک بھر کے کروڑوں نوجوانوں کے لیے ایک رہنما قوت بنے ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی فکری صلاحیت اور باعث تحریک خیالات آج بھی کروڑوں نوجوانوں کی رہنمائی کر رہے ہیں۔ ان کا روحانی پیغام ایک ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کے عزم کو پورا کرنے میں ملک کو نئی توانائی اور سمت فراہم کرتا رہے گا۔