مودی گجرات کے وزیراعظم:تلگودیشم

   

اے پی کی ترقی کی زنجیر کھینچ دینے کاالزام
حیدرآباد یکم مارچ(یواین آئی) آندھراپردیش کی حکمران جماعت تلگودیشم نے طنزیہ طورپر مودی کو گجرات کا وزیراعظم قرار دیا اور کہا کہ ساوتھ سنٹرل ریلوے کے آمدنی پیداکرنے والے والٹیر ڈیویثرن کو اوڈیشہ کے حوالہ کرتے ہوئے گجرات کے وزیراعظم نے ایک مرتبہ پھر اے پی کی ترقی کی زنجیر کھینچ دی ہے ۔پارٹی کی جانب سے یہ طنزیہ ٹوئٹ کیا گیاجس کے ساتھ مودی کا ایک کارٹون بھی پوسٹ کیا گیا ہے ۔اس کارٹون کے ایک حصہ کو گجرات کا نام دیا گیا ہے ۔اس میں دکھایا گیا ہے کہ مودی ٹرین کے ڈبے میں بیٹھے ہوئے ہیں اور ٹرین کی زنجیر کی جگہ لکھا ہوا ہے کہ ترقی کو روکنے کیلئے زنجیر کھینچیں ۔کارٹون کے اس حصہ میں مودی اپنی سیٹ پر آرام سے بیٹھے ہوئے ہیں جبکہ دوسرے حصہ کو اے پی کانام دیاگیا ہے ۔اس کارٹون میں دکھایاگیا ہے کہ مودی ترقی کو روکنے کے لئے زنجیر کھینچیں تحریر کو پڑھتے ہوئے زنجیر کو کھینچ رہے ہیں۔اس طرح اس کارٹوں کے ذریعہ یہ ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی ہے کہ مودی نے اے پی کی ترقی کو روک دیاہے ۔واضح رہے کہ اے پی کی جانب سے مرکز سے مطالبہ کیاجارہا تھا کہ وشاکھاپٹنم کیلئے علحدہ ریلوے زون کا قیام عمل میں لایا جائے تاہم مرکز نے دو دن قبل ساوتھ سنٹرل ریلوے کوتقسیم کرتے ہوئے جو نیا ریلوے زون ساوتھ کوسٹل ریلوے کے نام سے بنایا ہے ۔اس کے آمدنی پیداکرنے والے والٹیر ڈیویثرن کو بھی تقسیم کرتے ہوئے اسے نصف اے پی اور بقیہ اوڈیشہ کو دیا گیا جو اے پی کو منظور نہیں ہے ۔اس مسئلہ پر تلگودیشم پارٹی کی جانب سے احتجاج کیاجارہا ہے اور یہ کہا جارہا ہے کہ جسم کا آدھا حصہ تو اس کو دیا گیا ہے اور جسم کا دوسرا آدھا حصہ اوڈیشہ کو دیاگیا ہے ۔دوسری طرف اوڈیشہ کی حکمران جماعت بی جے ڈی اور اصل اپوزیشن کانگریس نے بھی مرکز کے اس قدم کو نامناسب قرار دیا ہے ۔بی جے ڈی نے بھی والٹیر ڈیویثرن کے ایک حصہ کو اسے دینے پر اعتراض کیا اور کہا ہے کہ اسے پورا والٹیر ڈیویثرن دیاجائے ۔تلگودیشم پارٹی 2014میں متحدہ اے پی کی تقسیم کے بعد سے ہی وشاکھاپٹنم کے لئے علحدہ ریلوے زون کا مطالبہ کرتی آرہی تھی تاہم جس طرح مرکز نے ساوتھ سنٹرل ریلوے کو تقسیم کرتے ہوئے نیا ریلوے زون بنایا ہے ، وہ اسے ناقابل قبول ہے ۔