نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی ہفتہ کو جے پور کے راجستھان انٹرنیشنل سینٹر میں ڈائریکٹر جنرل اور انسپکٹر جنرل آف پولیس کی آل انڈیا کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔جمعہ سے شروع ہونے والی تین روزہ کانفرنس میں سائبر کرائم، پولیسنگ سسٹم میں ٹیکنالوجی، انسداد دہشت گردی کے چیلنجز، بائیں بازو کی انتہا پسندی، جیلوں میں اصلاحات اور داخلی سلامتی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ کانفرنس کا ایک اور اہم ایجنڈا نئے فوجداری قوانین کے نفاذ کے لیے روڈ میپ پر غور و خوض کرنا ہے ۔ مزید برآں، پولیسنگ اور سیکیورٹی میں مستقبل کے موضوعات جیسے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور ڈیپ فیکس جیسی نئی ٹیکنالوجیز سے درپیش چیلنجز اور ان سے نمٹنے کے طریقوں پر بھی بات کی جائے گی۔