صدر آندھرا پردیش کانگریس وائی ایس شرمیلا کا ریمارک
حیدرآباد 2مارچ(یواین آئی) آندھرا پردیش کانگریس کی صدر وائی ایس شرمیلا نے وعدہ کیا کہ اگر کانگریس پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو ریاست کو دس سال کیلئے خصوصی درجہ حاصل ہوگا ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست کو خصوصی درجہ، ریاست کے عوام کا حق ہے ۔یہ درجہ نہ ملنے پر آندھرا پردیش کو نقصان ہوا۔انہوں نے الزام لگایا کہ مودی حکومت نے ریاست کو خصوصی درجہ کے معاملہ میں دھوکہ دیا ۔شرمیلا نے تروپتی میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ریمارک کیا کہ مودی یعنی دھوکہ، دھوکہ یعنی مودی۔مودی نے دس سال اے پی سے دھوکہ کیا۔انہوں نے پوچھا کہ چیف منسٹر جگن موہن ریڈی بی جے پی کے ساتھ کیوں ہیں ، یہ بات آندھراپردیش کے عوام کو بتانے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے استفسارکیا کہ بی جے پی نے ریاست کے عوام کیلئے کیا کیا ہے ؟ انہوں نے جگن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریاست کا خصوصی درجہ دلانے میں جگن ناکام ہوگئے ہیں۔ شرمیلا نے تشویش کا اظہار کیا کہ اگرچہ کہ پڑوسی ریاستیں ترقی میں آگے بڑھ رہی ہیں لیکن موجودہ آندھرا پردیش میں دارالحکومت کی کمی کی صورتحال کے سبب ریاست کی حالت انتہائی دگرگوں ہے ۔ جگن ہر معاملہ میں مودی کے ساتھ کھڑے ہیں۔مودی جس پراجکٹ کو جس تاجر کے حوالے کرنا چاہتے ہیں، جگن اس کو دیتے ہیں۔مودی حکومت کو جس مدد کی ضرورت ہوتی ہے جگن کی حکومت کرتی ہے ۔