نشیبی علاقوں میں پانی ، عثمان ساگر اور بس ڈپو محصور ، رکن اسمبلی کی کار پھنس گئی ، حکومت کی ناکامی پر عوام کی برہمی
حیدرآباد۔15 ۔جولائی (سیاست نیوز) حیدرآباد اور اس کے مضافاتی علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارش نے عام زندگی درہم برہم کردی ۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جس کے نتیجہ میں کئی علاقوں کے عوام رات بھر جاگتے رہے۔ گزشتہ دو دنوں سے شہر اور اطراف کے اضلاع بارش کی زد میں ہیں اور کل رات سے بارش کا آغاز ہوا تھا جو جمعرات کی صبح تک جاری رہا ۔ حیات نگر ، اپل اور سعید آباد میں دیگر علاقوں کے مقابلہ زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔ بنڈلہ گوڑہ اور اپل میں 212.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ ونستھلی پورم میں 192.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ کاپرا ، شیر لنگم پلی ، خیریت آباد ، گولکنڈہ اور ماریڈ پلی کے علاقوں میں معمول سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ حیدرآباد میں جاریہ ماہ کی اوسط بارش سے 43.9 فیصد زائد بارش ریکارڈ کی گئی جو 243.4 ملی میٹر ہیں۔ تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی نے آئندہ دو دنوں کے دوران حیدرآباد اور نواحی علاقوں میں ہلکی اور اوسط بارش کی پیش قیاسی کی گئی ۔ پرانے شہر اور نئے شہر کے کئی علاقوں میں رات بھر بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ کل دن بھر وقفہ وقفہ سے بارش کے سبب معمولات زندگی متاثر رہے۔ پرانے شہر کے کئی علاقوں میں بارش کا پانی مکانات میں داخل ہوگیا۔ نئے شہر میں اہم شاہراہوں پر صبح تک پانی کی نکاسی کیلئے بلدی عملہ کو متحرک دیکھا گیا ۔ ٹولی چوکی اور اطراف و اکناف کی کئی کالونیوں میں پانی جمع ہوگیا۔ عثمان نگر جو گزشتہ سال بارش سے ابھی تک ابھر نہیں پایا تھا، تازہ ترین بارش نے مکانات کو دوبارہ پانی میں محصور کردیا ہے جس کے نتیجہ میں عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ حیدرآباد میں درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ رات کے اوقات میں عوام کو سردی کا احساس ہوا۔ حیدرآباد میں درجہ حرارت 28 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں میں مطلع ابر آلود رہنے اور ہلکی اور اوسط بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ رنگا ریڈی ، ملکاجگری ، بھونگیر ، جنگاؤں ، سرسلہ ، جگتیال ، نظام آباد ، کاما ریڈی اور میدک کے کئی علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایمرجنسی ٹیموں کو تیار رکھا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں تقریباً 40 مقامات پر موسلادھار بارش کی اطلاعات ہیں۔ ایل بی نگر ، حیات نگر ، عبداللہ پور میٹ ، سرور نگر ، اپل ، گھٹکیسر اور دیگر علاقوں میں بارش کا پانی مکانات میں داخل ہوگیا۔ آج دن بھر پانی کی نکاسی کیلئے حکام کو مصروف دیکھا گیا۔ مقامی افراد نے عوامی نمائندوں پر برہمی کا اظہار ۔ رکن اسمبلی ایل بی نگر سدھیر ریڈی کی کار بارش کے پانی میں پھنس گئی اور انہیں پانی میں اتر کر متاثرہ افراد سے ملاقات کرنی پڑی۔ سرور نگر جھیل کے اطراف کے علاقوں میں پانی جمع ہونے سے مکینوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ آر ٹی سی کا حیات نگر ڈپو پانی میں محصور ہوچکا ہے۔ جی ایچ ایم سی کی ڈیزاسٹر ریسپانس فورس سے مدد کیلئے عوام 040-29555500 پر ربط پیدا کرسکتے ہیں۔ حیدرآباد کے بعض علاقوں میں 10 تا 20 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ رچہ کنڈہ پولیس نے 30 افراد کو محفوظ مقامات منتقل کیا۔ محکمہ موسمیات نے ریاست کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔
