ہر گھر کا سب سے اہم حصہ اس کا کچن (باورچی خانہ) ہوتا ہے، جہاں روزانہ کی خوراک تیار کی جاتی ہے۔انسانی صحت کا دار و مدار صاف ستھری غذا پر ہے، اور صاف غذا صرف اسی صورت میں ممکن ہے جب ہمارا کچن مکمل طور پر صاف، جراثیم سے پاک اور ترتیب سے آراستہ ہو ۔ یہی وجہ ہے کہ کچن کی صفائی کا خاص خیال رکھنا نہ صرف حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق ہے بلکہ یہ ایک ذمہ دار شہری اور اچھے فرد ہونے کی نشانی بھی ہے۔ کچن وہ جگہ ہے جہاں مختلف اقسام کی اشیائے خورد و نوش رکھی جاتی ہیں، کھانے پکائے جاتے ہیں، برتن دھوئے جاتے ہیں اور بعض اوقات کھانا بھی وہیں کھایا جاتا ہے۔اگر اس جگہ کی صفائی کا مناسب انتظام نہ کیا جائے تو یہ بیماریوں کی آماجگاہ بن سکتی ہے۔ کھانے میں شامل ہونے والے جراثیم، گندے برتن، اور باسی غذا مختلف بیماریوں جیسے اسہال، فوڈ پوائزننگ، ہیضہ اور ٹائیفائیڈ کا سبب بن سکتے ہیں۔ کچن کی صفائی میں سب سے پہلے فرش، چولہا، سنک اور شیلف وغیرہ کو صاف رکھنا نہایت ضروری ہے۔کھانے کے اجزاء گرانے کے بعد انہیں فوراً صاف کر لینا چاہیے تاکہ کیڑے مکوڑوں کو پنپنے کا موقع نہ ملے۔سنک میں برتن جمع نہ ہونے دیں کیونکہ یہ بدبو اور جراثیم کی پیدائش کا باعث بنتے ہیں ۔ چولہے کو ہر روز صاف کریں تاکہ تیل اور مصالحوں کے دھبے جمنے نہ پائیں ۔ صفائی کے ساتھ ساتھ سامان کی ترتیب بھی کچن میں بہت اہم ہے۔خشک اشیاء کو ڈبوں میں بند کر کے رکھنا چاہیے اور ان پر لیبل لگانا مفید رہتا ہے تاکہ وقت بچایا جا سکے۔ سبزیاں اور گوشت وغیرہ فریج میں صحیح درجہ حرارت پر رکھیں تاکہ وہ جلد خراب نہ ہوں۔خراب یا زائد المیعاد اشیاء کو وقتاً فوقتاً نکال دینا چاہیے ۔ برسات کے موسم میں ایک ایک اور بات دیکھنے میں آتی ہے اور وہ ہوتا ہے کچن ٹیبل میں پیدا ہونے والا گیلاپن یا نمی ، اُس نمی کو وقتاً فوقتاً صاف کرتے رہنا چاہئے ورنہ وہاں مکھیاں بھنبھنانے کا اندیشہ بھی ہوتا ہے جو کچن میں تیار ہونے والے کھانوں سے گر کر سارا مزہ کرکراکر سکتی ہیں ۔