نظام آباد میں ترقیاتی پروگرامس سے متعلق جائزہ اجلاس ، ریاستی وزیر سیتا اکا کا خطاب
کاماریڈی۔15 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر برائے پنچایت راج، دیہی ترقی، دیہی آبی سربراہی، خواتین و اطفال بہبود اور ضلع انچارج وزیر محترمہ ڈی۔ انسویا سیتکّا نے ضلع کاماریڈی میں مختلف ترقیاتی و فلاحی پروگراموں پر عمل آوری کا تفصیلی طور پر جائزہ لیتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ مانسون کے دوران ڈینگی، ملیریا، ٹائیفائڈ اور دیگر موسمی امراض کی روک تھام کے لیے منصوبہ بند طریقے سے حکمت عملی اختیار کی جائے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ صحت، صفائی اور پینے کے پانی کی فراہمی کے معاملے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں منعقدہ اجلاس میں ضلع کلکٹر آشیش سنگوان، ، بانسواڑہ رکن اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی، ایلاریڈی رکن اسمبلی مدن موہن راؤ، جْوکل رکن اسمبلی تھوٹا لکشمی کانت راؤ، ضلع ایس پی راجیش چندرا دیگر اعلیٰ عہدیداران اور متعلقہ محکمہ جات کے عہدے دار موجود تھے اس موقع پر ریاستی وزیر سیتکا نے۔موسمی امراض سے نمٹنے کے لیے ہدایت دی۔ اندرامّاں مکانات کی تعمیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اندرماں مکانات کی تعمیر کے عمل کو تیز کیا جائے۔ پنچایت راج انجینئرنگ محکمہ کے زیرِ تکمیل سڑکوں کے کاموں کو فوری مکمل کرنے، اور اندرا مہلا شکتی بھون کی عمارت کو نومبر تک مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ اس موقع پر بانسواڑہ کے رکن اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی نے ریت کی بروقت فراہمی اور آنگن واڑی مراکز میں پانی و بیت الخلاء کی فراہمی پر زور دیا۔ضلع کلکٹر آشیش سنگوان نے بتایا کہ ضلع میں ہفتے میں دو بار ڈرائی ڈے منایا جا رہا ہے، صفائی کے کام منظم انداز میں جاری ہیں، اور اندرامّا مکانات کی تعمیر میں ضلع ریاست میں چوتھے مقام پر ہے۔جْوکل کے رکن اسمبلی تھوٹا لکشمی کانت راؤ نے مطالبہ کیا کہ جن کے پاس اراضی نہیں، انہیں اراضی فراہم کی جائے اور چھوٹے رقبے پر تعمیر کی اجازت دی جائے۔ایلاریڈی کے رکن اسمبلی مدن موہن راؤ نے کہا کہ اسپتالوں میں ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے ۔کمشنر برائے خواتین و اطفال ترقی انیتا راماچندرن نے کہا کہ منی آنگن واڑی مراکز کو بڑے مراکز میں تبدیل کیا جائے گا، آنگن واڑی اساتذہ کو 13,600 روپے ماہانہ تنخواہ دی جا رہی ہے۔قبل از ریاست وزیر سیتا اکا نے شجرکاری پروگرام میں بھی حصہ لیا۔