موسمی امراض کے پھیلاو کے تدارک کیلئے اقدامات کرنے ڈسٹرکٹ کلکٹرس کو چیف سکریٹری کی ہدایت

   

حیدرآباد ۔ 15 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : موسمی امراض اور وائرل بخار کے پھیلاؤ کے پیش نظر چیف سکریٹری شانتی کماری نے صورتحال کا جائزہ لیا اور ڈسٹرکٹ کلکٹرس کو ان امراض کے پھیلاؤ کے تدارک کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت دی ۔ اس سلسلہ میں منعقدہ ایک ویڈیو کانفرنس میں انہوں نے موسمی امراض کے پھیلاؤ کے تدارک کے لیے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کلکٹرس کو سخت چوکسی رکھنے کی ہدایت دی تاکہ موسمی بخار ، ڈینگو اور چکون گنیا کے پھیلاؤ کی روک تھام ہو ۔ عہدیداروں کو تمام اسکولس ، ہاسٹلس اور اقامتی اداروں کا دورہ کرتے ہوئے اسٹاف کو ان امراض کے پھیلاؤ کے تدارک کے لیے احتیاطی اقدامات کرنے کی ضرورت پر حساس بنانے کے لیے کہا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ان اداروں میں ڈائیٹ اور صحت و صفائی کا بھی معائنہ کیا جائے ۔ کلکٹرس کو تمام پرائمری ہیلت سنٹرس کا دورہ کرتے ہوئے موثر اقدامات کرنا چاہئے تاکہ تمام گورنمنٹ ہاسپٹلس میں معیاری خدمات کی فراہمی یقینی ہو ۔۔