نواحی علاقوں میں رات کے اوقات میں درجہ حرارت میں زبردست گراوٹ
حیدرآباد۔/23 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) شہر میں موسم باراں مکمل طور پر گذر چکا ہے لیکن موسم باراں کے خاتمہ کے ساتھ ہی سردی کی لہر میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے۔ دونوں شہروں بالخصوص شہر کے نواحی علاقوں میں رات کے اوقات میں درجہ حرارت میں زبردست گراوٹ ریکارڈ کی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آئندہ دنوں میں درجہ حرارت میں مزید گراوٹ ریکارڈ کی جاسکتی ہے۔ موسم سرما کے ابتداء سے ہی سردی کی لہر میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ کے متعلق ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ ایام کے دوران درجہ حرارت میں مزید گراوٹ ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے اور شہر میں جس طرح سے گرمی کی شدت رہی ہے اسی طرح موسم سرما بھی شدید ہونے کا امکان ظاہر کیا جانے لگا ہے۔ شہر میں موسم سرما کے دوران عام طور پر درجہ حرارت 28 تا 32 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا جاتا تھا لیکن اس مرتبہ درجہ حرارت 22 تا 25 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا جارہا ہے جو کہ 4 تا 6 ڈگری کی گراوٹ کے مماثل ہے۔ ماہرین موسمیات اور محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اکٹوبر کے آخری ہفتہ میں دونوں شہروں میں شدید سردی ریکارڈ کی جاسکتی ہے۔ نومبر کے دوران معمول کے مطابق درجہ حرارت ریکارڈ کیا جائے گا جبکہ ماہ ڈسمبر میں سردی کی شدت میں زبردست اضافہ کے امکانات ظاہر کئے جارہے ہیں۔ خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق شمس آباد، راجندر نگر، اوپل، گھٹکیسر، راجندر نگر، بنڈلہ گوڑہ، سن سٹی کے علاوہ شہر کے نواحی و مضافاتی علاقوں میں رات کے اوقات میں درجہ حرارت میں زبردست گراوٹ ریکارڈ کی جائے گی اور علی الصبح سردی کی لہر میں اضافہ ریکارڈ کیا جاتا رہے گا۔م