امراض کی روک تھام کے اقدامات، سرکاری دواخانوں میں علاج کی سہولت، اپوزیشن پر عوام کو گمراہ کرنے کا بیان: وزیر کا بیان
حیدرآباد۔6ستمبر(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں پھیلنے والے وبائی امراض کوئی نئی بات نہیں ہے اور ہر موسم باراں کے دوران شہر میں اس طرح کی وبائی امراض پھیلتے رہتے ہیں۔ ریاستی وزیر مسٹر ٹی سرینواس یادو نے شہر حیدرآباد میں پھیلنے والے وبائی امراض پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ان وبائی امراض کو روکنے کیلئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ان اقدامات سے عوام کے مطمئن ہونے کا دعوی کرتے ہوئے وزیر نے اپوزیشن جماعتوں پر الزام عائد کیا کہ حکومت پر الزامات عائد کرتے ہوئے اپوزیشن عوام میں خوف و ہراس پیدا کر رہے ہیں۔ مسٹر ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سرکاری دواخانوںمیں معیاری علاج کی سہولت کی فراہمی کے علاوہ صفائی کے بہتر انتظامات کو یقینی بنایا جا رہاہے۔ انہو ںنے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے عوام میں بدگمانی اور خوف پیدا کرنے کیلئے کی جانے والی ان کوششوں سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا کیونکہ ریاست کے سرکاری دواخانو ںمیں نہ صرف شہر حیدرآباد اور ریاست تلنگانہ کے عوام علاج کروارہے ہیںبلکہ پڑوسی ریاستوںکے مریض بھی یہاں علاج کے لئے پہنچ رہے ہیں۔مسٹر ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ ریاستی حکومت اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے کچہرے کی نکاسی اور صفائی کے ساتھ صحت عامہ کی بہتری کیلئے متعدد فیصلے کئے گئے ہیں اور حالات پر قابو پانے کی ممکنہ کوشش کی جا رہی ہے۔انہو ںنے بتایا کہ کانگریس اور بھارتیہ جنتا پارٹی بے بنیاد الزامات کے ذریعہ حکومت کو بدنام کرنے کے علاوہ ریاست کے عوام میں خوف پیدا کرنے کی کوشش میں ہیں اور عوام کو خوفزدہ کرتے ہوئے انہیں حکومت کے خلاف اکسانے کی کوشش کر رہے ہیں اوراس کے لئے ذرائع ابلاغ کا سہارا لیا جا رہاہے۔انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت کے محکمہ صحت اورجی ایچ ایم سی نے شہر حیدرآباد کے علاوہ مضافات اور نواحی علاقوں میں میڈیکل کیمپ لگائے جا رہے ہیں اور عوام کے مفت ڈینگو اور دیگر وبائی امراض کے ٹسٹ کرنے کے اقدامات کئے جاچکے ہیں ۔ ریاستی وزیر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپوزیشن کے پروپگنڈہ کا شکار نہ ہوں بلکہ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات سے حالات پر قابو پانے کا انتظار کرنے کے علاوہ وبائی امراض کو پھیلنے سے روکنے کیلئے صفائی کا خصوصی خیال رکھنے کیلئے اپنے طور پر اقدامات کو بھی یقینی بنائیں تاکہ ان حالات پر جلد قابو ممکن ہوسکے۔