موسم سرما میں کدو کے بیج صحت کیلئے فائدہ مند

   

کدو کے بیج مجموعی صحت کے لیے انتہائی مفید قرار دیے جاتے ہیں جبکہ اِن کی تاثیر گرم ہونے کے سبب اِن کا موسم سرما میں استعمال کرنا مفید ہوتا ہے۔طبی ماہرین کے مطابق کدو کے بیج غذائیت سے بھر پور ہوتے ہیں جن کا بطور اسنیکس استعمال کرنا مجموعی صحت پر انتہائی مثبت اثرات مرتب کرتا ہے، کدو کے بیج خواتین کی صحت کے لیے انتہائی ضروری اور مفید قرار دیئے جاتے ہیں، کدو کے بیجوں میں میگنیشیم، کوپر، پروٹین اور زِنک بھر پور مقدار میں پایا جاتا ہے۔اس میں مزید فیٹی ایسڈ کی مقدار بھی پائی جاتی ہے جس کے سبب خون کی ترسیل رواں رکھنے والی شریانوں کی صحت بہتر اور کولیسٹرول لیول کم ہوتا ہے۔غذائی ماہرین کے مطابق کدو کے بیجوں کے 100 گرام مقدار میں 446 کیلوریز، 19 گرام فیٹ، 3.7 گرام سیچوریٹڈ فیٹ، پایا جاتا ہے جبکہ اس میں 18 ملی گرام سوڈیم، 919 ملی گرام پوٹاشیم، 18 گرام ڈائٹری فائبر پاتا جاتا ہے۔علاوہ ازیں کدو کے بیجوں میں 19 گرام پروٹین، 5 فیصد کیلشیم، 18 فیصد آئرن اور 65 فیصد میگنیشیم پایا جاتا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ غذائیت سے بھرپور یہ بیج انسانی مجموعی صحت پر مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں اور سردیوں کے دوران اِن کے استعمال سے ٹھنڈ لگنے سمیت انسان متعدد موسمی بیماریوں سے بھی محفوظ رہتا ہے۔