پرنسپل سکریٹری اِنرجی سندیپ کمار سلطانیہ کا عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس، گریٹر حیدرآباد اور ربیع سیزن پر توجہ
حیدرآباد۔/11 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) پرنسپل سکریٹری اِنرجی اور صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ جینکو سندیپ کمار سلطانیہ نے ریاست میں برقی کی سربراہی کی صورتحال کا عہدیداروں کے ساتھ ودیوت سدھا میں اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے تلنگانہ جینکو اور ڈیسکام کے تحت جاری کاموں کا جائزہ لیا تاکہ ربیع سیزن اور موسم گرما میں کسی رکاوٹ کے بغیر برقی سربراہی کو یقینی بنایا جائے۔ سندیپ کمار سلطانیہ نے 400KV ، 220KV اور 132KV سطح کے ٹرانسمیشن نیٹ ورک کا جائزہ لیتے ہوئے ڈائرکٹر ٹرانسمیشن اور فیلڈ انجینئرس کو ہدایت دی کہ EHV سب اسٹیشن کے کام کی تیزی سے تکمیل کریں۔ موسم گرما کے آغاز سے قبل یہ کام مکمل کرلیا جائے۔ انہوں نے تلنگانہ پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشنوں کے تحت ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کا جائزہ لیا۔ موسم گرما میں امکانی مسائل کی یکسوئی پر حکمت عملی تیار کی گئی۔ سابقہ تجربات کی بنیاد پر بلاوقفہ اور موثر برقی سربراہی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں برقی سربراہی کا خصوصی طور پر جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ موسم گرما سے قبل ڈسٹری بیوشن کے علاوہ ٹرانسفارمرس، برقی کھمبوں اوردیگر مسائل کی یکسوئی کی منصوبہ بندی کی جائے۔ انہوں نے تمام برقی اداروں کو ہدایت دی کہ وہ ریاست بھر میں معیاری برقی کی سربراہی کو برقرار رکھیں۔ فیلڈ انجینئرس سے کہا گیا کہ وہ کسی بھی مسئلہ سے نمٹنے کیلئے ہیڈکوارٹرس پر موجود رہیں۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کے مسائل کے حل میں کسی بھی کوتاہی کا سخت نوٹ لیا جائے گا۔ جائزہ اجلاس میں صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر ٹرانسکو ڈی کرشنا بھاسکر، صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن مشرف علی فاروقی، صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر ناردن پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن کے ورون ریڈی، جائنٹ منیجنگ ڈائرکٹر سی سرینواس راؤ اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔1