موسیقار خیام کی سرکاری اعزازات کے ساتھ تدفین

,

   

ممبئی ۔ 20 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) ’امراؤ جان‘ ، ’کبھی کبھی‘ ، ’نوری ‘ اور دیگر کئی فلموں کے سدا بہار نغموں کی دھن دینے والے موسیقار خیام کی آج مکمل سرکاری اعزازات کے ساتھ ممبئی میں تدفین عمل میں آئی۔ خیام کا پیر کی شب انتقال ہوگیا تھا، وہ 92 برس کے تھے اور طویل عرصہ سے علیل تھے۔ ان کے جسد خاکی کو جوہو میں واقع رہائش گاہ پر رکھا گیا تھا جہاں سینکڑوں دوستوں ، رشتہ داروں اور چاہنے والوں نے آخری دیدار کے ساتھ خراج عقیدت ادا کیا۔ خیام کے جسد خاکی پر قومی ترنگا اڑایا گیا تھا اور ممبئی پولیس بطور احترام وہاں موجود تھی اور جلوس جنازہ ان کی رہائش گاہ سے تین کیلو میٹر دور واقع فور بنگلو قبرستان پہنچا جہاں ان کے غمزدہ ارکان خاندان اور بالی ووڈ کی فلمی برادری کی موجودگی میں پولیس نے تین بندوقوں کی سلامی دی۔ اس موقع پر قلم کار گلزار اور جاوید اختر کے علاوہ فلمساز وشال بھردواج ، گلوکار سونو نگم ، ادت نارائن اور الکا یاگنک، موسیقار جتن ۔ للت ، غزل گلوکار طلعت عزیز اور اداکارہ پونم ڈھلون بھی موجود تھیں۔