حیدرآباد۔12۔اگسٹ(سیاست نیوز) رود موسیٰ میں حمایت ساگر سے پانی کے اخراج کے بعد بہاؤ میں پیدا ہونے والی تیزی کو دیکھتے ہوئے موسیٰ رام باغ برج کو عوام کے لئے بند کردیا گیا ہے جبکہ عنبر پیٹ برج کے تعمیری کام بھی جاری ہیں اور موسیٰ ندی میں پانی کے بہاؤ میں پیدا ہونے والی تیزی کے نتیجہ میں موسیٰ رام باغ برج کے اوپر سے پانی کا بہاؤ دیکھا جانے لگا ہے۔ حمایت ساگر میں پانی کی سطح آب میں ہونے والے اضافہ اور خطرہ کے نشان کو عبور کرجانے کے سبب موسیٰ ندی میں پانی چھوڑے جانے کا سلسلہ جاری ہے ۔ حمایت ساگر سے پانی کے اخراج کے نتیجہ میں آؤٹر رنگ روڈ پر جہاں پانی کا بہاؤ پہنچنے کے سبب ORRبھی تالاب کا منظر پیش کررہی تھی۔ پولیس نے آؤٹر رنگ روڈ اکزٹ نمبر 17 سے ٹریفک کے رخ کو تبدیل کردیا ۔ سائبر آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے ORR پر ٹریفک کو روکنے کے اقدامات کرتے ہوئے اس حصہ کو بند کردیاگیا۔گذشتہ شب ہوئی مسلسل بارش کے بعد شہر حیدرآباد کے کئی علاقو ںمیں پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہوئی ہیں ۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے سبب مکینوں کو مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑا ۔محکمہ پولیس نے بارش کے امکانات کو دیکھتے ہوئے انفارمیشن ٹکنالوجی کمپنی کے مالکین سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ اپنے ملازمین کو ’گھر سے کام‘کرنے کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کریں۔3