موسیٰ ندی ترقیاتی منصوبہ پر جلد عمل آوری ، چیف منسٹر کی ہدایت

   

گیٹ وے آف حیدرآباد ، سگنل فری جنکشن اور میر عالم تالاب کی ترقی کا منصوبہ ، اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر ریونت ریڈی نے موسیٰ ندی ترقیاتی ماسٹر پلان پر تفصیلی منصوبہ رپورٹ جلد تیار کرتے ہوئے حکام کے آغاز کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ چیف منسٹر نے اپنی قیام گاہ پر موسیٰ ندی کے ترقیاتی منصوبے کا اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیا ۔ چیف منسٹر کے مشیر وی نریندر ریڈی ، پرنسپل سکریٹری انڈسٹریز جئیش رنجن ، چیف منسٹر کے سکریٹری مانک راج ، سکریٹری بلدی نظم و نسق ایل برتی ، کمشنر ایچ ایم ڈی اے سرفراز احمد ، منیجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد واٹر ورکس اشوک ریڈی ، میٹرو ریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائرکٹر نرسمہا ، کلکٹر رنگاریڈی نارائن ریڈی و دوسروں نے شرکت کی ۔ چیف منسٹر نے موسیٰ ندی ترقیاتی ماسٹر پلان کے تحت گیٹ وے آف حیدرآباد ، گاندھی سرور کی ترقی چوراہوں کے قیام اور سڑکوں کی ترقی پر عہدیداروں کو ہدایت جاری کی چیف منسٹر سگنل فری جنکشن کے قیام کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ موسیٰ ندی کی ترقی آئندہ 100 سال کی ضروریات کو پیش نظر رکھتے ہوئے کی جائے ۔ گاندھی سرور کی ترقی کے لیے مختلف ڈیزائنس کا جائزہ لیا گیا ۔ چیف منسٹر نے ترقیاتی منصوبہ کو ماحول دوست بنانے کا مشورہ دیا ۔ عہدیداروں نے میر عالم تالاب کی ترقی اور پل کی تعمیر کے منصوبہ کی تفصیلات پیش کی ۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ تفصیلی منصوبہ رپورٹ جلد تیار کرتے ہوئے کاموں کا آغاز کیا جائے ۔۔ 1