موسیٰ ندی میں موجودہ قبضہ جات کی برخاستگی کیلئے احکامات

   

غریب خاندانوں کو ڈبل بیڈ روم فلیٹس کی فراہمی کے بعد منتقلی
حیدرآباد۔25 ۔ستمبر۔(سیاست نیوز) ریاستی حکومت نے موسیٰ ندی میں موجود قبضہ جات کی برخواستگی کے سلسلہ میں احکامات جاری کردیئے ہیں اور عہدیداروں کو دی گئی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ وہ غریب خاندان جو موسیٰ ندی کے کنارے زندگی گذار رہے ہیں ان خاندانوں کو ڈبل بیڈ روم فلیٹس کی فراہمی کے بعد ہی ان کی منتقلی کے اقدامات کا آغاز کریں۔ پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق و منیجنگ ڈائریکٹر موسی ریورفرنٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن مسٹر دانا کشور نے ذرائع ابلاغ کے نمائندو ں سے بات چیت کے دوران اس بات کا انکشاف کیا اور کہا کہ موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے کے پراجکٹ پر موسی ریورفرنٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ذریعہ انجام دیئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے احکامات کے مطابق متعلقہ ضلع کلکٹرس کو اس بات کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وہ متاثرین کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں ڈبل بیڈ روم فلیٹس کی حوالگی کے اقدامات کا آغاز کریں۔ انہو ںنے بتایا کہ حکومت کی جانب سے کروائے گئے سروے میں 6000 انفرادی قبضہ جات کی نشاندہی کی گئی ہے جبکہ 15000 مکینوں کی نشاندہی کی جاچکی ہے جنہیں رود موسیٰ کے کناروں سے منتقل کرنے کے اقدامات کئے جانے ہیں۔مسٹر دانا کشور نے بتایا کہ حکومت کے محکمہ ٹرانسپورٹ ‘ محکمہ عمارات و شوارع کی جانب سے جی او آر ٹی نمبر 754 جاری کرتے ہوئے موسیٰ ندی کے کناروں پر آباد مکینوں کو انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر 15ہزار ڈبل بیڈ روم مکانات کی فراہمی کے اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے۔ مسٹر دانا کشور نے بتایا کہ قانون حق حصول اراضیات کے استعمال کے ذریعہ قابضین کی جائیدادیں حاصل کی جائیں گی اور اس سلسلہ میں اعلامیہ جاری کرتے ہوئے ان اراضیات کے حصول کے اقدامات کئے جائیں گے۔ مسٹر دانا کشور نے بتایا کہ ضلع کلکٹرس کی جانب سے متاثرین کی بازآبادکاری کے اقدامات کے بعد ہی رود موسیٰ کے کنارے مقیم مکینوں کے تخلیہ کو یقینی بناتے ہوئے ان مقامات کو مکمل طور پر حاصل کرلیا جائے گا اور ساتھ ہی موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے کے پراجکٹ پر عمل آوری کے اقدامات کا آغاز ہوگا۔3