موسیٰ ندی پر موجود 17 بریجس کی مضبوطی کا معائنہ

   

موسیٰ رام باغ کا ہائی لیول برج
تین ماہ میں عوام کیلئے دستیاب ہوگا
حیدرآباد۔ 18 فروری (سیاست نیوز)تلنگانہ حکومت نے موسیٰ ندی ڈیولپمنٹ پراجیکٹ کے سلسلے میں ایک قدم آگے بڑھایا ہے۔ موسیٰ ندی پر موجود 17 بریجس کا موسیٰ ریور ڈیولپمنٹ کارپوریشن سروے کررہا ہے۔ انجینئرنگ کے ماہرین، نظام حیدرآباد کے دور میں تعمیر کئے گئے بریجس کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ری باؤنڈ ہیمر ٹسٹ، گراؤنڈ پینیٹریٹنگ ریڈر، ڈائنمک لو ٹسٹنگ ادارہ کی جانب سے سروے کیا جارہا ہے۔ ناگول، املی بن، مسلم جنگ پُل، نیا پُل، پرانا پُل، ٹیپو خان برج، باپو گھاٹ، عطاپور، چادر گھاٹ، گول ناکہ، سالارجنگ میوزیم کے علاقوں میں تعمیر کردہ بریجس کا اداروں کے نمائندوں کی جانب سے معائنہ کیا جارہا ہے۔ بریجس کی مضبوطی کی رپورٹ آئندہ ماہ حکومت کو پیش کی جائے گی۔ اس ادارہ کی جانب سے چادر گھاٹ برج کی اونچائی بڑھانے کی رپورٹ تیار کی گئی ہے۔ کانگریس حکومت نے موسیٰ ندی پر موجود بریجس کو قدیم ثقافتی ورثہ کے طور پر نشاندہی کی۔ ضرورت پڑنے پر انہیں مکمل طور پر منہدم کرنے اور ان کی جگہ نئے بریجس تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ موسیٰ رام باغ کے ہائی لیول برج کے کام تیزی سے جاری ہیں اور آئندہ تین ماہ میں یہ برج عوام کیلئے کھول دیا جائے گا۔ اس برج کی لمبائی 29.5 میٹر، 6 لین، 20 میٹر کیاریج وے، 3.5 میٹر فٹ پاتھ کے ساتھ تعمیر کیا جارہا ہے جس پر تقریباً 65 کروڑ روپئے خرچ کئے جارہے ہیں۔2