حیدرآباد : ریاستی حکومت گجرات میں نرمدا ندی کو خوبصورت بنانے کے خطوط پر موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے کے پراجکٹ پر عملدرآمد کرنے کے سلسلہ میں انتظامات کررہی ہیں۔ یہ ندی ریاست میں 53 کیلو میٹر کے فاصلہ تک بہتی ہے۔ موسیٰ ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹیڈ اس کیلئے ایک تفصیلی پراجکٹ رپورٹ تیار کرنے کے کام میں مصروف ہے جبکہ ریاستی حکومت نے موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے کیلئے 200 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں۔ عہدیداروں نے نارسنگی تا ناچارم کے قریب آؤٹر رنگ روڈ سے اس ندی میں ڈالے گئے کچرے کی صفائی کے اقدامات شروع کئے اور انہوں نے اس ندی میں موجود خودرو پودوں اور جھاڑی کی صفائی کی اور ملبہ کو بھی صاف کیا۔ اس کے ساتھ ڈرونس کی مدد سے ندی کا ایک سروے کیا گیا۔ ندی کے دونوں جانب 50 میٹر تک بفرزونس کی نشاندہی کی گئی اور حدود مقرر کئے گئے۔ ایم آر ڈی سی ایل کے عہدیداروں نے کہا کہ تفصیلی پراجکٹ رپورٹ اگست اور ستمبر تک تیار ہوگی۔ ندی کو خوبصورت بنانے کیلئے تخمینہ مصارف 8000 تا 10000 کروڑ روپئے ہوں گے جس میں ایک ایسٹ ۔ ویسٹ کاریڈر برج شامل ہے۔ حکومت کا منصوبہ ہیکہ گوداوری کا پانی عثمان ساگر لانے کا ہے جس کا پانی موسیٰ ندی میں جاتا ہے۔ فی الوقت سیوریج کا پانی اس ندی میں جارہا ہے۔ موسیٰ ندی کے کناروں پر کم از کم 10 ایس ٹی پیز قائم کرنے کا منصوبہ ہے تاکہ پانی کو صاف کیا جائے اور ندی میں صاف پانی کا بہاؤ ہو۔