لندن میں نگران ادارہ کے ذمہ داران سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ملاقات
حیدرآباد۔19 جنوری(سیاست نیوز) موسیٰ ندی کو لندن کی تھیمس ندی کے طرز پر ترقی دینے اقدامات کئے جائیں گے ۔ تھیمس ندی کے نگران ادارہ نے اس میں تعاون کا تیقن دیا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج لندن میں پرنسپل سیکریٹری بلدی نظم و نسق مسٹر دانا کشور کے علاوہ پرانے شہر کے نمائندوں کے ہمراہ تھیمس ندی کے نگران ادارہ کے ذمہ داروں سے ملاقات کرکے موسیٰ ندی کی ترقی پر تبادلہ خیال کیا۔ ریونت ریڈی نے ریاست میں اقتدار حاصل کرنے کے بعد پرانے شہر کی ترقی کیلئے اقدامات کے مقصد سے طلب کردہ اجلاس میں تذکرہ کیا تھا کہ وہ بہر صورت موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے کے پراجکٹ پر عمل آوری کو یقینی بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہو ںنے رود موسیٰ کی صفائی اور اسے خوبصورت بناکر تفریحی مرکز میں تبدیل کرنے کی جو منصوبہ بندی کی ہے اس کا اظہار آج ’تھیمس ندی‘ کے نگران ادارہ کے ذمہ داروں سے ملاقات اور تین گھنٹے طویل مذاکرات سے ہوتا ہے ۔ ریونت ریڈی جن کے پاس محکمہ بلدی نظم ونسق کی بھی قلمدان ہے انہوں نے پرانے شہر کے اراکین اسمبلی سے تبادلہ خیال بھی کیا تھا اور آئندہ بھی ان سے تعاون حاصل کرکے موسیٰ ندی پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل کو یقینی بنانے کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔ چیف منسٹر ‘ مسٹر دانا کشور آئی اے ایس پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم ونسق کی تھیمس ریور اتھاریٹی کے ذمہ داروں سے ملاقات اور انہیں موسیٰ ندی کو ترقی دینے اقدامات کیلئے تعاون کی درخواست کے بعد کہا جا رہاہے کہ اس پراجکٹ پر جلد عمل آوری کا آغاز ہوسکتا ہے۔ موسیٰ ندی پر فی الحال 7 پل ہیں اور پیشرو حکومت کی جانب سے ندی پر مزید پلوں کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔موسیٰ ندی جس میں دونوں شہروں کا صنعتی فضلہ اور گندگی پہنچتی ہے اور شہر کی آبادی سے خارج ہونے والے فضلہ کا بڑا حصہ اس میں شامل ہوتا ہے ۔ حکام کے مطابق یومیہ 350 ملین لیٹر گندگی ندی میں بہتی ہے اور اگر اس کو صاف کرکے تھیمس ندی کے طرز پر ترقی کے اقدامات کئے گئے تو اسے ایک تفریحی و سیاحتی مرکز کے طور پر فروغ دینے کے علاوہ خوبصورت بنایا جاسکتا ہے۔چیف منسٹر‘ عہدیداروں اور عوامی نمائندوں کے اجلاس میں زائد از 3 گھنٹے مختلف امور پر غور ہوا ۔ کہا جا رہاہے کہ حکومت موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے کے منصوبہ پر تیزی سے عمل کی حکمت عملی رکھتی ہے۔3