موضع ماچر ریڈی پلی میں شرانگیزی کا واقعہ

   

مسجد بلال کے قریب جئے شری رام کے نعرے ، بھومی پوجا کا اہتمام
کوہیر : /22 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کوہیر منڈل کے موضع ماچر ریڈی پلی میں چندایک ہندو واہنی کے شرپسند عناصر کی جانب سے شرانگیزی کرتے ہوئے مسلم آبادی والے علاقہ مندا گڈہ مسجد حضرت بلال کے قریب تقریباً 150 تا 250 افراد نے جئے شری رام کے نعرے لگاتے ہوئے شیواجی مہاراج کے مجسمہ کے تنصیب کرنے کیلئے بھومی پوجا کا اہتمام کیا جس کی وجہ سے یہاں موضع کے مسلمانوں میں ایک طرح کی تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔ موضع کے مسلمانوں نے بتایا کہ یہاں اس گاؤں میں مسلم آبادی بہت کم ہے ۔ ایک عرصہ دراز سے اس گاؤں میں ہندو مسلم بھائی بھائی کی طرح زندگی گزارتے ہوئے آرہے ہیں ۔ اس موضع پرمقامی مسلمانوں نے بتایا کہ گاؤں میں شیواجی مہاراج کے مجسمہ کی تنصیب سے کوئی اعتراض نہیں وہ چاہے تو قدیم گرام پنچایت یا پھر نئی گرام پنچایت کے احاطہ میں شیواجی کے مجسمہ کی تنصیب کریں ۔ اس پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا ۔ اس معاملے میں دفتر گرام سے موضع کے ڈپٹی سرپنچ محمد احمد علی سے ربط کرنے پر انہوں نے بتایا کہ گرام پنچایت سے شیواجی مجسمہ کے تنصیب کیلئے کوئی اجازت نہیں لی گئی ۔