مولانا آزاد نیشنل فیلو شپ ملتی رہے گی:نرملاسیتا رمن

   

نئی دہلی : مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کل لوک سبھا میں زور دے کر کہا کہ اقلیتی طلباء کے لئے مولانا آزاد نیشنل فیلو شپ کو ختم نہیں کیا جائے گا اور اس سلسلے میں کوئی الجھن نہیں پھیلائی جانی چاہئے۔انہوں نے منریگا، این پی اے اور جی ایس ٹی پر اپوزیشن کے سوالوں کا بھی جواب دیا اور کہا کہ ان کے تمام الزامات گمراہ کن اور بے بنیاد ہیں۔ نرملاسیتا رمن نے 2022-23کے لیے 3.25 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کے ضمنی گرانٹ کے مطالبات کی پہلی فہرست پر لوک سبھا میں بحث کے دوران اپوزیشن کی طرف سے لگائے گئے الزامات کا مناسب جواب دیتے ہوئے کہا کہ امداد جاری رہے گی۔یہ اسکیم کینرا بینک کے ذریعہ چلائی جارہی ہے اور بینک اس سلسلے میں فائدہ اٹھانے والے طلباء کو ای میل کے ذریعہ اطلاعات بھیج رہا ہے۔واضح رہے کہ یہ اسکیم 2009ء میں شروع کی گئی تھی۔اس کے تحت چھ درج فہرست اقلیتی برادری ، مسلمان، بدھ، عیسائی، جین، پارسی اور سکھ کے طلباء کو ایم فل اور پی ایچ ڈی کی تعلیم کے لیے پانچ سال کے لیے مالی امداد فراہم کی جاتی ہے۔آل انڈیا اسٹوڈنٹس اسوسی ایشن (اے آئی ایس اے) اور کچھ دیگر تنظیموں نے اس ہفتے کے شروع میں دہلی میں اسکیم میں مبینہ ترامیم کیخلاف احتجاج کیا تھا۔نرملا سیتا رمن نے کہاکہ جو بھی طلبہ اس وقت مولانا آزاد نیشنل فیلو شپ حاصل کر رہے ہیں وہ مقررہ وقت تک یہ اسکالرشپ حاصل کرتے رہیں گے۔