اقلیتی اقامتی کالج نظام آباد میں تقریب سے سید نجیب علی ایڈوکیٹ و دیگر کا خطاب
نظام آباد ۔12 نومبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) موجودہ دور مسابقت کا دور ہے بہتر تخلیقی صلاحیتوں کے ساتھ طالبات کو بھی سماج میں مستحقہ مقام حاصل ہو سکتاہے۔ ان خیالات کا اظہار سید نجیب علی ایڈوکیٹ نے نظام آباد ٹمریز گرلز جونیئر کالج میں منعقدہ یوم اقلیتی بہبود و قومی تعلیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج طالبات بھی ہر شعبہ میں اپنے وجود کا لوہا منوا رہی ہیں کبھی محدود تعلیم حاصل کرنے والی لڑکیاں آج اعلی تعلیم تک رسائی حاصل کررہی ہیں ۔ یہ بہت ہی خوش آئند اور حوصلہ افزا بات ہے ۔ انہوں نے مولانا آزاد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے قلم نے ہندوستان کو انگریزوں کی غلامی سے نجات دلانے اور آزادی کے لیے ہر قربانی دینے کا جذبہ پیدا کیا۔ ملک کی آزادی کے لئے سب سے زیادہ جیل میں قید وبند سے انہیں دو چار ہونا پڑا ۔ ملک کے پہلے وزیر قومی تعلیم کی حیثیت سے انہوں نے تعلیم کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لائیں ۔ آج IIT ، زرعی یونیورسٹی یو جی سی ٹیکنیکل اداروں کا قیام مولانا آزاد کی اختراعات ہیں۔انہوں نے ٹمریز اداروں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ اس موقع پر مولانا کریم الدین کمال نے اپنی تقریر میں طالبات کو مفید معلومات فراہم کیں ۔پرنسپل ٹمریز 1نے خیر مقدم کرتے ہوئے بتایا کہ طالبات کے لیے قائم اس کالج میں 380 طالبات زیر تعلیم ہیں ۔ اس موقع پر قومی تنظیم کے زونل صدر سمیر احمد،محمد کریم زون صدر کانگریس بھی موجود تھے ۔ طالبات کو مقابلوں میں نمایاں مقام حاصل کرنے پر میڈل سے نوازا گیا۔