مولانا آزاد نے ہمیشہ قومی یکجہتی کے فروغ کیلئے کام کیا

   


قومی یوم تعلیم تقریب ، وزیر داخلہ محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد ۔11 ۔ نومبر (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے ملک کے پہلے وزیر تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کو ایک بلند پایہ عالم دین ، مفسر قرآن ، بے باک صحافی اور عظیم مجاہد آزادی قرار دیا ۔ مولانا آزاد کی یوم پیدائش کے موقع پر منعقدہ قومی یوم تعلیم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ محمود علی نے کہا کہ ہر سال قومی یوم تعلیم کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ مولانا آزاد نے 15 برس کی عمر میں درس نظامی کی تکمیل کی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا آزاد نے صحافت میں عظیم کارنامہ انجام دیا اور وہ الہلال اور البلاغ کے ایڈیٹر رہے۔ ہندوؤں اور مسلمانوں میں اتحاد اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ میں مولانا آزاد نے اہم رول ادا کیا۔ مولانا آزاد کی سیاست اور خطابت میں ہمیشہ ہندو مسلم اتحاد کو ترجیح دی جاتی۔ آزادی کے بعد جب پہلی حکومت تشکیل دی جارہی تھی تو مولانا آزاد نے وزارت عظمی کے بجائے وزیر تعلیم کا عہدہ پسند کیا۔ انہوں نے تعلیم کو عام کرنے کیلئے اسکول جانے والے بچوں کو مفت تعلیم دینے کا فیصلہ کیا ۔ تلنگانہ حکومت مولانا آزاد کے نظریہ پر عمل پیرا ہے۔ کے سی آر نے مسلم اقلیت کی تعلیم پر توجہ دیتے ہوئے 204 اقامتی اسکولس اور جونیئر کالجس قائم کئے جن میں ایک لاکھ 20 ہزار طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ اقلیتی طلبہ کو سیول سرویسز اور دیگر پیشہ ورانہ کورسس کی مفت کوچنگ دی جاتی ہے۔ قومی یوم تعلیم تقریب اور کل ہند مشاعرہ کا اہتمام تنظیم تحفظ اردو نے کیا تھا۔ اس موقع پر صدرنشین اردو اکیڈیمی ایم کے مجیب الدین ، پروفیسر ایس اے شکور ، پروفیسر مجید بیدار اور دوسرے موجود تھے۔ ر