مولانا آزاد کا یوم پیدائش ، آج بنجارہ بھون میں سرکاری تقریب

   

یوم قومی تعلیم اور یوم اقلیتی بہبود کا اہتمام ، چیف منسٹر مہمان خصوصی
حیدرآباد۔ 10 نومبر (سیاست نیوز) ملک کے پہلے وزیرِ تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کے 138 ویں یومِ پیدائش کے موقع پر تلنگانہ حکومت کی جانب سے کل 11 نومبر کو یومِ قومی تعلیم اور یومِ اقلیتی بہبود منایا جا رہا ہے۔ سیوا لال بنجارہ بھون، بنجارہ ہلز میں صبح 11 بجے تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے۔ تلنگانہ اردو اکیڈمی اور تلنگانہ اقلیتی اقامتی تعلیمی ادارہ جات سوسائٹی کی جانب سے یہ تقریب منعقد کی جا رہی ہے۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی بطور مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے۔ ان کے علاوہ مرکزی وزیر جی کشن ریڈی، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، وزیرِ اقلیتی بہبود محمد اظہر الدین اور عوامی نمائندوں کے علاوہ مختلف کارپوریشنوں کے صدور نشین شرکت کریں گے۔ اس موقع پر محکمہ اقلیتی بہبود کی اسکیمات کی تفصیلات پر مشتمل مختلف اسٹالز قائم کیے جا رہے ہیں۔ تقریب میں دو ممتاز شخصیتوں کو ایوارڈ پیش کیے جائیں گے۔ ریاستی سطح کا مخدوم ایوارڈ فکشن کے زمرے میں محترمہ قمر جمالی کو پیش کیا جائے گا، جبکہ مولانا ابوالکلام آزاد قومی ایوارڈ برائے مجموعی خدمات کے لیے پروفیسر امر اللہ خان کا انتخاب کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر کے ہاتھوں دونوں ایوارڈ یافتگان کو تہنیت پیش کی جائے گی۔1