مولانا حبیب الرحمن قاسمی کا انتقال ناقابلِ تلافی علمی وملی نقصان:مولانا ارشدمدنی

   

دارالعلوم دیوبند کے استاذ حدیث مولانا حبیب الرحمن قاسمی کے ارتحال پرملال پر اپنے گہرے رنج وصدمہ کا اظہارکرتے ہوئے صدرجمعیۃعلماء ہند مولانا سیدارشدمدنی صدرالمدرسین دارالعلوم دیوبندنے کہا کہ مولانا قاسمی کے انتقال سے علمی، ملی اورجماعتی دنیا میں جوخلاپیداہواہے اس کی تلافی مشکل ہے، مولانا حدیث، علم رجال اورتاریخ پر مہارت رکھتے تھے، اور ان کا مطالعہ بہت وسیع تھا، صاف گوئی، معاملہ فہمی اوردلائل کی پختگی ان کے خاص اوصاف تھے۔ دارالعلوم دیوبند کی نشاۃ ثانیہ میں ان کی تعلیمی خدمات سنہرے حروف میں لکھی جائے گی، انہوں نے تقریباچالیس سال سے زائد سے دارالعلوم دیوبند میں استاذکی حیثیت سے اپنے فرائض منصبی بحسن وخوبی انجام دیئے، وہ دارالعلوم دیوبند کے ترجمان ماہنامہ دارالعلوم کے ایک طویل عرصہ تک ایڈیٹربھی رہے، اس درمیان انہوں نے کئی تاریخی، علمی،تحقیقی کتابیں تصینف کیں جوعلمی حلقہ میں مقبول ہوئیں۔