مولانا حبیب مجتبیٰ العیدروس کا انتقال

,

   

حیدرآباد۔28۔اکٹوبر(سیاست نیوز) حیدرآباد کے معروف مذہبی صوفی خانوادہ کے چشم و چراغ مولانا سید حبیب مجتبیٰ بن جعفر العیدروس کی روح آج قفس عنصری سے پرواز کرگئی ۔28 اکٹوبر کو دن میں ان کی صحت ناساز ہونے کے بعد انہیں شہر کے ایک خانگی دواخانہ سے رجوع کیاگیا جہاں ڈاکٹرس نے بعد معائنہ ان کی رحلت کی توثیق کردی۔ حبیب مجتبیٰ العیدروس کے سانحہ ارتحال کی اطلاع پر دنیا بھر میں ان کے مریدین و معتقدین و متوسلین میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی ۔ حضرت حبیب مجتبیٰ العیدروس کی نماز جنازہ بعد نماز عشاء تاریخی مکہ مسجد میں ادا کی گئی ۔ تدفین خطۂ صالحین ‘ دارالسلام روڈ ‘ نامپلی میں عمل میں آئی ۔ نماز جنازہ میں امیر جامعہ نظامیہ مفکر اسلام حضرت مفتی محمد خلیل احمد ‘ مولانا احسن بن الحمومی خطیب و امام شاہی مسجد باغ عامہ ‘ حضرت سید سادات پیر بغدادی ‘مولانا ڈاکٹر سید محمود صفی اللہ قادری وقار پاشاہ ‘ مولانا سید لیاقت حسین رضوی ‘ میر ذوالفقار علی رکن اسمبلی چارمینار ‘ مصطفی علی مظفر رکن بلدیہ شاہ علی بنڈہ ‘ احمد عالم خان ‘ ندیم اللہ حسینی سجادہ نشین و متولی درگاہ حضرت سید شاہ راجو قتال حسینی ؒ ‘ کے علاوہ کئی اہم شخصیات موجود تھیں۔ انتقال کی اطلاع کے ساتھ ہی ان کے مکان واقع فتح دروازہ پر مریدین ، معتقدین و متوسلین کا تانتا بندھ گیا اور کئی اہم قائدین ان کے مکان پہنچ کر ان کے جسد خاکی کا آخری دیدار کیا۔ حضرت سید حبیب مجتبیٰ بن جعفر العیدروس طویل عرصہ سے سلسلۂ عالیہ عیدروسیہ کی خدمت میں مصروف رہے اور برسہا برس سے ان کے مکان پر ہر جمعرات حلقہ ٔ ذکر و سلوک کی محافل کا بہ پابندی انعقاد عمل میں لایا جاتا رہا ہے اور ان محافل ذکر میں ملک کی کئی اہم سرکردہ شخصیات شرکت کرچکے ہیں اور حضرت ممدوح کے معتقدین میں ملک کے کئی سرکردہ سیاستدانوں کے علاوہ کئی اعلیٰ سرکاری عہدیدار بھی شامل ہیں۔3