منی لانڈرنگ کے الزامات، تعزیرات ہند کے تحت پہلے سے مقدمات درج
نئی دہلی۔ 16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے تبلیغی جماعت کے رہنما مولانا سعد کاندھلوی کے خلاف غیرقانونی رقمی لین دین کا کیس درج کیا ہے۔ ان کے علاوہ جماعت اور دیگر سے تعلق رکھنے والے ایک ٹرسٹ کے خلاف بھی کیس بنایا گیا ہے۔ عہدیداروں نے جمعرات کو بتایا کہ انفورسمنٹ کیس انفارمیشن رپورٹ نے دہلی پولیس کی ایف آئی آر کی بنیاد پر یہ مقدمہ درج کیا ہے۔ منی لانڈرنگ ایکٹ کے خلاف اقدامات کے الزام پر مولانا سعد کاندھلوی ، ان سے متعلقہ ٹرسٹ اور جماعت و دیگر کے خلاف فوجداری کیس درج رجسٹر کیا گیا ہے۔ دہلی پولیس کے کرائم برانچ نے پہلے ہی 31 مارچ کو نظام الدین پولیس اسٹیشن کے اسٹیشن ہاؤز آفیسر کی شکایت پر مولانا کے بشمول 7 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کیا تھا۔ یہ مقدمہ تبلیغی جماعت کا اجتماع منعقد کرنے سے متعلق ہے جو بتایا جاتا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کیلئے بڑے اجتماعات کے خلاف جاری کردہ احکام کی خلاف ورزی ہوئی۔
