ٹریفک چالانات میں بھاری اضافہ ظلم کے مترادف، بعض شہریوں کا تاثر
حیدرآباد25اگسٹ(سیاست نیوز) موٹر وہیکل ایکٹ میں ترمیم اور چالانات کی رقم میں بھاری اضافہ کے فیصلہ پر حکومت کی جانب سے عمل آوری کے اعلان پر ملے جلے تاثرات سامنے آنے لگے ہیں اور کہا جار ہاہے کہ حکومت کی جانب سے کئے گئے فیصلہ سے حادثات میں ہونے والی اموات میں کمی واقع ہوگی اور عوام ٹریفک قوانین کی پابندی کریں گے لیکن حکومت کی جانب سے سڑکوں کی مرمت کے سلسلہ میں بھی اگر اقدامات کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں نہ صرف سڑک حادثات میں کمی واقع ہوگی بلکہ ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے اقدامات کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔ شہریوں کا کہناہے کہ حکومت نے موٹر وہیکل ایکٹ میں ترمیم کے ذریعہ بھاری چالانات کو منطوری دیتے ہوئے شہریو ںکو ٹریفک قواعد کا پابند بنانے کی کوشش کی ہے اور امکان ہے کہ اس طرح کی سختیوں سے ٹریفک قوانین پر عمل آوری شروع ہوجائے اور اس کے مثبت نتائج بھی برآمد ہوں گے ۔ شہریوں کے ایک گوشہ کی جانب سے حکومت کے اس اقدام کو عوام پر ظلم قرار دیا جا رہاہے او رکہا جا رہاہے کہ عوام کو ٹریفک قوانین کی پاسداری کے لئے مجبور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن قوانین پر عدم عمل آوری کی صورت میں ان کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جا رہاہے جو کہ مناسب نہیں ہے۔ شہریو ںکا یہ بھی احساس ہے کہ ٹریفک کے بہاؤ کو باقاعدہ بنانے کے سلسلہ میں حکومت کو اقدامات پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے اور اس کے لئے سب سے پہلے سڑکوں کو بہتر بنانے کے علاوہ شہر میں سگنل کے نظام کو درست کرنے کی ضرورت ہے ۔