موہالی ہاکی اسٹیڈیم اولمپین بلبیر سنگھ سینئر سے موسوم

   

چنڈی گڑھ۔ معروف ہاکی کھلاڑی اوراولمپین بلبیر سنگھ سنیئر کی پہلی برسی کے موقع پر آج موہالی کاہاکی اسٹیڈیم انہیں موسوم کیا گیا۔اسٹیڈیم میں صبح انہیں خراج عقیدت پیش کی گئی۔ کھیل نوجوانوں کے امورکے وزیر رانا گرمیت سنگھ سوڑھی نے موہالی کے بین الاقوامی ہاکی اسٹیڈیم کانام پدم شری بلبیرسنگھ سینئر کے نام پر رکھنے کی کل منظوری دے دی تھی اوران کی جانب سے ہاکی اسٹیڈیم کو عظیم کھلاڑی کووقف کیا گیا۔ اب اسٹیڈیم کو ‘اولمپین بلبیرسنگھ سینئر انٹرنیشنل ہاکی اسٹیڈیم’ کے طورپر جانا جائے گا۔رانا سوڑھی نے کہا کہ کووڈ کے حالات میں بہتری ہونے پر اس اسٹیڈیم میں عظیم بین الاقوامی کھلاڑی کی یاد میں ایک بین الاقوامی ہاکی ٹورنمنٹ کاانعقاد کیاجائے گا۔ وزیر کھیل نے کہا ہے کہ اسپورٹ ڈپارٹمنٹ ریاست کے باصلاحیت کھلاڑیوں کے لئے ان کے نام پر اسکالرشپ شروع کرے گا اوران کی یاد میں اسٹیڈیم کے داخلی دروازے پر ایک مجسمہ بھی نصب کیا جائے گا۔ وزیر نے عظیم کھلاڑی کی یاد میں شجرکاری بھی کی۔یادرہے کہ بلبیرسنگھ سینئر نے تین بار اولمپک چمپئن بننے کے لئے ہندوستانی ہاکی ٹیم میں اہم کرداراداکیا اورآج تک کوئی بھی ان کا اولمپک فائنل کاریکارڈ نہیں توڑسکا۔ انہوں نے 1952 کے اولمپک کھیل کے فائنل میں پانچ گول کئے جس میں ہندوستان نے نیدرلینڈ پر 1-6 سے جیت درج کی۔ بلبیر سنگھ سینئر سال1975 کی ورلڈ کپ فاتح ہندوستانی ٹیم کے مینیجر تھے ۔ انہوں نے اسپورٹ ڈپارٹمنٹ، پنجاب کے ڈائریکٹر کے طورپر خدمات انجام دیں اورنوجوانوں کوکھیل کی دنیا کی طرف راغب کیا۔ حکومت پنجاب نے اس عظیم کھلاڑی کوسال 2019 میں مہاراجہ رنجیت سنگھ ایوارڈ سے نوازاتھا۔اس موقع پر چاراولمپین کھلاڑی رجندرسنگھ سینئر، رجندرسنگھ جونئر، اجیت سنگھ اور پربھجوت سنگھ وسکریٹری، کھیل راج کمل چودھری، ڈائریکٹر ڈی پی ایس کھربندا موجودتھے ۔