موہن بھاگوت کی متھن چکرورتی سے ملاقات

   

مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کیلئے سیاسی سرگرمیاں تیز، مشہور شخصیتوں کو راغب کرنے کوشاں

ممبئی : مغربی بنگال میں جہاں ایک طرف سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں، وہیں دوسری جانب آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت ، بالی ووڈ کی اہم شخصیتوں سے ملاقات کررہے ہیں۔ انہوں نے بالی ووڈ کے سینئر اداکار متھن چکرورتی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات نے سیاسی ماحول کو مزید گرم کردیا ہے۔ موہن بھاگوت ممبئی میں واقع متھن کی رہائش گاہ پہنچے۔ ان سے ملاقات کے بعد متھن نے کہا کہ ان کے درمیان گہرے روحانی رشتہ کی وجہ سے یہ ملاقات ہوئی ہے۔ حالانکہ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے پیش نظر اس ملاقات کو بہت اہم قرار دیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ متھن چکرورتی کا تعلق چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی کی پارٹی ترنمول کانگریس سے رہا ہے اور وہ مغربی بنگال سے راجیہ سبھا کے رکن رہ چکے ہیں۔ ممتا بنرجی نے ہی متھن کو راجیہ سبھا بھیجا تھا، لیکن صحت خراب رہنے اور لگاتار ایوان میں غیرحاضر رہنے کی وجہ سے 2016ء میں انہوں نے خود دو سال بعد رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ مغربی بنگال میں بی جے پی اپنے سیاسی امکانات کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔ اس لئے اب تک اس نے ترنمول کانگریس کے کئی سرکردہ لیڈروں کو اپنی پارٹی میں شامل کیا ہے۔ مغربی بنگال کے کئی اہم قائدین بی جے پی شامل ہوچکے ہیں۔ مزید قائدین کو بی جے پی میں شامل کئے جانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اسی لئے موہن بھاگوت کی متھن سے ملاقات اہمیت رکھتی ہے۔ اس ملاقات کے بعد ایسی قیاس آرائیاں بھی شروع ہوچکی ہیں کہ متھن بھی بی جے پی میں شامل ہوسکتے ہیں۔ اس پر متھن سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ موہن بھاگوت جی سے میری بات ہوئی تھی، جب بھی وہ ممبئی آئیں گے تو ضرور ملیں گے۔ وہ مجھے اور میری فیملی کو بہت پیار کرتے ہیں، اس لئے مجھ سے ملنے آئے۔ اس ملاقات کا سیاست سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہے۔