9 ملزمین گرفتار، مسروقہ کاریں، موٹرسائیکلیں اور دیگر اشیاء ضبط
حیدرآباد ۔ 19 ۔ ستمبر ( سیاست نیوز ) حیدرآباد پولیس نے مویشیوں کا سرقہ کرنے اور موبائل دوکانات میں سرقہ کرنے والی بین ریاستی ٹولی کو بے نقاب کردیا جو ریاست تلنگانہ کے علاوہ مدھیہ پردیش میں سلسلہ وار وارداتوں کو انجام دہے رہے تھے ۔ حیدرآباد ٹاسک فورس اور کھمم پولیس نے مشترکہ کارروائی کو انجام دیتے ہوئے اس ٹولی کو بے نقاب کیا جو (17) مقدمات میں ملوث ہے ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے تین کاریں (15) موبائل فون اور (22) لاکھ روپئے مالیتی اشیاء کو ضبط کرلیا اور (9) ملزمین کو گرفتار کرلیا جبکہ تین مفرور بتائے گئے ہیں ۔ کمشنر پولیس حیدرآباد کمشنریٹ وی سی سجنار نے ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ مویشیوں کے سارقین (40) سالہ محمد تبریز ، 54 سالہ محمد رفیق ساکنان گولکنڈہ قلعہ ، 30 سالہ محمد زبیر اختر ساکن مغلپورہ ، 24 سالہ محمدنوید ساکن نجم نگر کشن باغ ، 35 سالہ سائی ریڈی ساکن لنگر حوض شیرلفٹنگ ٹولی میں 37 سالہ فرحان شیخ ، 45 سالہ مبین شیخ ، 32 سالہ محبوب شیخ اور 34 سالہ محمد زاہد خاں عرف راجہ ساکنان ممبئی مہاراشٹرا کو گرفتار کرلیا جبکہ ابو ، کللو ساکنان ممبئی اور زاسم متوطن ڈھاکہ بنگلہ دیشی مفرور بتائے گئے ہیں ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ تبریز اور رفیق مویشیوں کا سرقہ کر کے بالخصوص رمضان اور عیدالاضحی کے موقع پر مویشیوں کی ڈیمانڈ کے موقع پر یہ کارروائیاں انجام دیا کرتے تھے ۔ سنسان اور کم آبادی والے علاقوں میں مویشیوں کو انجکشن دے کر شیڈس سے مویشیوں کا سرقہ کیا جاتا تھا اور مویشیوں کے بازار منتقل کرتے ہوئے انہیں فروخت کیا کرتے تھے جو سابق میں بھی کئی وارداتوں میں ملوث پائے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ مکانات میں سرقہ کی وارداتوں کو بھی انہوں نے انجام دیا تھا ۔ تبریز کی ملاقات ابو سے چنچل گوڑہ جیل میں ہوئی تھی جو این ڈی پی ایس معاملہ میں قید تھا ۔ ابو ان کیلئے وارداتوں کو انجام دینے کیلئے گاڑیاں فراہم کرتا تھا ۔ پولیس کمشنر کے مطابق انہوں نے وجئے واڑہ میں بھی واردات کو انجام دینے کی کوشش کی اور کھمم میں واردات کو انجام دیا جس کے بعد وجئے واڑہ میں بگ سی اسٹور پہونچے ۔پولیس کمشنر نے بتایا کہ اُجین مدھیہ پردیش میں اور یہاں مکیش نامی شخص کے ساتھ پہونچے اور موبائل کی دوکان میں سرقہ کی واردات انجام دی ۔ کمشنر پولیس سجنار نے بتایا کہ مسروقہ موبائل فونس کو زاہد خاں عرف راجہ بھائی کی مدد سے فروخت کرتے تھے اور راجہ بھائی کاظم کے ذریعہ موبائل فونس کو بنگلہ دیش میں فروخت کر تے تھے ۔ پولیس نے اس ٹولی کو گرفتار کر لیا ۔ کمشنر پولیس نے ٹاسک فورس اور کھمم پولیس کی کارروائی کی ستائش کی ۔