لویر مانیر ڈیم کی طرف پانی کا بہاؤ۔ دلکش نظارہ کرنے عوام کا اژدھام
گمبھی راؤ پیٹ۔ یکم ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) راجنہ سرسلہ ضلع کے بوئن پلی علاقہ میں موجود مڈ مانیر ذخیرہ آب لبریز ہوچکا ہے۔ کالیشورم پراجکٹ سے جڑے اس ماڈ مانیر ذخیرہ آب میں لکشمی پور پمپ ہاؤس سے دس ہزار کیوسک پانی کی سربراہی عمل میں لائی جارہی ہے۔ جس کی وجہ سے اس مڈ مانیر ذخیرہ آب میں مسلسل اضافہ کی وجہ گذشتہ رات متعلقہ عہدیدار ضلع ایس پی بی کے راہول ہیگڈے کی قیادت میں پہلے پانچ گیٹس اور بعد ازاں منجملہ 26گیٹوں کے 25 گیٹوں کو کھول کر پانی کا اخراج کیا جارہا ہے جو راست طور پر ایل ایم ڈی ( لویر مانیر ڈیم ) میں جمع ہوگا، جس کی وجہ سے کریم نگر و اطراف اکناف کے علاقے سیراب ہوں گے۔ بتایا گیا ہے کہ 25,87 ٹی ایم سی والے اس ذخیرہ آب سے تقریباً 40 ہزار کیوسک پانی ایل ایم ڈی کو دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ مڈ مانیر ذخیرہ آب کی تعمیر کے بعد پہلی مرتبہ اس کے گیٹ کھولے گئے جس کا نظارہ کرنے اطراف و اکناف کے عوام کا اژدھام دیکھا جارہا ہے۔ اس مڈ مانیر ذخیرہ آب کی سطح میں اضافہ کی وجہ سرکاری طور پر پانی کے اخراج کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ واضح ہو کہ اس ذخیرہ آب کی تعمیر کے دوران تقریباً 16 مواضعات اس کی زد میں آچکے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ علاقے میں اس پراجکٹ کے پانی سے تقریباً 2 لاکھ ایکڑ اراضی کاشت کے قابل رہے گی اور آئندہ دنوں اس پراجکٹ سے لفٹ اریگیشن اسکیم کے تحت گمبھی راؤ پیٹ کے موضع نرمال میں واقع آلیر مانیر پراجکٹ کو پانی سربراہ کیا جائے گا تاکہ یہاں کا علاقہ بھی سرسبز و شاداب رہے اور کاشتکاروں کو خاطر خواہ پانی سیرابی کیلئے دستیاب ہو۔
