غزہ : فلسطین کے جنگ زدہ علاقہ غزہ کی پٹی میں بسنے والے فلسطینی بدترین مشکلات سے دوچار ہیں۔ اسرائیلی بمباری اور جنگ کے باعث ان کی زندگی کی ہر طرح کی خوشیاں ان سے چھن گئی ہیں۔ بہت سے جوڑے شادی کی تیاریوں کے دوران ہی بمباری سے لقمہ اجل بن گئے۔غزہ میں ایک ایسا جوڑا بھی ہے جس نے جنگ کی تباہ کاریوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی ’اونروا‘ کے ایک اسکول میں اپنی شادی رچا لی۔اس جوڑے کی شادی 8 نومبر کو ہونے والی تھی جو اسرائیلی بمباری کی وجہ سے ملتوی ہوئی۔اسرائیلی بمباری میں دونوں کے مکانات کو تباہ کر دیا تھا مگر انہوں نے اقوام متحدہ کے اسکول میں شادی کی تقریب منعقد کر لی۔ماجد الدرہ اور سارہ ابو توھہ کی شادی مشرقی غزہ کے المغازی پناہ گزین کیمپ میں ہوئی۔