مکانات کے سروے میں حکومت کا خفیہ ایجنڈہ نہیں ، عوام شکوک میں نہ رہے

   

مکانات کے ہر ایک انچ اراضی کا تحفظ ، میرون کلر کے پاس بک کی اجرائی ، تعاون کرنے عوام سے وزراء ای دیاکر راؤ ، پی اجئے کمار کی اپیل
حیدرآباد :۔ ریاست میں دھرانی پورٹل ایپ میں گھروں کے اندراج کے تعلق سے عوام میں بالخصوص مسلمانوں میں پائی جانے والی تشویش اور بے چینی کو دور کرنے کے لیے حکومت نے وضاحت کردی ہے ۔ ریاست کی اراضیات کے ساتھ مکانات کی ایک انچ اراضی کا بھی ریکارڈ محفوظ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر کی ہدایت کے بعد ہی یہ سلسلہ شروع کیا گیا ہے ۔ دونوں ریاستی وزراء ای دیاکر راؤ اور پی اجئے کمار نے عہدیداروں کو عوام میں شعور بیدار کرنے پر جہاں زور دیا ہے وہیں عوام سے بھی سروے کرنے والے عملہ سے مکمل تعاون کرنے کی اپیل کی ہے ۔ وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ نے اپنی سرکاری قیام گاہ پر محکمہ پنچایت راج و دیہی ترقیات کے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے تازہ صورتحال کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئے ریونیو قانون میں زرعی اراضیات کے طرز پر دیہی علاقوں میں مکانات اور تمام اقسام کی تعمیرات کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کے لیے پٹہ پاس بکس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گھروں کے لیے میرون کلر کی پاس بکس جاری کرنے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے ۔

لہذا انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ تمام ریکارڈس کا بخوبی انداز میں اکٹھا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ اراضیات کے ساتھ ، مالکان مکانات کو مکمل حقوق فراہم کرنے کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ گھر کی اراضی کا ہر ایک انچ کا ریکارڈ رکھا جائے گا ۔ وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ نے عوام میں جو شکوک پائے جارہے ہیں ۔ عہدیدار ان شکوک کو دور کریں ۔ عوام کو بتائیں کہ گھروں کے سروے کے پیچھے کوئی خفیہ ایجنڈہ نہیں ہے ۔ ساتھ ہی وزیر نے عوام کو درمیانی افراد کے جھانسے میں نہ آنے کا بھی مشورہ دیا ۔ وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار نے شہر کھمم کے 39 ، 40 اور 44 ویں ڈیویژنس کا دورہ کیا اور عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ گھروں کے سروے سے ہرگز خوفزدہ نہ ہو بلکہ گھروں کے تحفظ کے لیے سروے کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کمشنر میونسپل کھمم انوراگ جینتی کو بھی ہدایت دی کہ وہ عوام میں پائے جانے والے شکوک اور بے چینی کو دور کرنے کے لیے ضروری اقدامات کریں ۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے گھروں کے ریکارڈ کے لیے میرون کلر کا پٹہ پاس بکس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ۔ لہذا عوام سروے کرنے والے عملہ سے تعاون کریں اور مکمل تفصیلات فراہم کریں ۔۔