مکتھل میں کانگریس، بی آر ایس امیدواروں کے پرچہ جات نامزدگی داخل

   

مکتھل ۔ 10 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی مکتھل میں آج کانگریس، بی آر ایس اور بی جے پی امیدواروں نے اپنے حامیوں اور بھاری جلوس کے ساتھ اپنے اپنے پرچہ جات نامزدگی داخل کی۔ ریٹرننگ آفیسر حلقہ اسمبلی مکتھل مانک متل آئی اے ایس کے اجلاس پر رکن اسمبلی مکتھل و بی آر ایس امیدوار سی رام موہنر یڈی نے اپنی اہلیہ سچرتا ریڈی اور پارٹی کے سینئر قائدین سرینواس گپتا، آشی ریڈی، راجیش گوڑ، احمد ہزاری، انور حسین کے ہمراہ اپنی نامزدگی پیش کی جبکہ کل بھی سینئر قائدین کے ساتھ ایک سیٹ داخل کیا تھا۔ اس کے علاوہ کانگریس امیدوار واکٹی سری ہری نے نلا جمنا مندر سے ایک بڑے جلوس کی شکل میں آر او آفس پہنچے اور اپنا پرچہ جات نامزدگی داخل کی۔ اس موقع پر سرینواس ایڈوکیٹ، بالا کرشنا ریڈی و دیگر کانگریس قائدین موجود تھے جبکہ کانگریس پارٹی کی جانب سے کل بھی سینئر سیاستداں ایم راما راؤ نے پرشانت ریڈی، لکشما ریڈی، روی کمار اور نور الدین کے ہمراہ آر او آفس پہنچ کر ایک سیٹ داخل کیا تھا۔ اس کے علاوہ بی جے پی امیدوار جالندھر ریڈی نے پارٹی کے سینئر قائد بی کونڈیا اور دیگر پارٹی قائدین کے ہمراہ ایک بھاری جلوس کے ساتھ ٹاون میں گشت کرتے ہوئے تحصیل آفس پہنچے اور بی جے پی امیدوار کی حیثیت سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا اور بی ایس پی بہوجن سماج پارٹی کی جانب سے ورکٹم جناردھن ریڈی نے بھی اپنا پرچہ داخل کیا۔ تحصیل آفس کے ذرائع کے مطابق کانگریس، بی آر ایس، بی جے پی اور بی ایس پی امیدواروں کے علاوہ دو آزاد امیدوار بھی پرچہ جات نامزدگی داخل کرنے والوں میں شامل ہیں۔